کرکٹر سے اداکار بننے والے فواد عالم: ’دنیا میں ہر کوئی اداکار ہے‘

ویب فلم میں کام کرنے والے فواد عالم کہتے ہیں کہ وہ مہوش حیات، مایا علی اور ماہرہ خان، تینوں کے ساتھ ایک فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس کی رومانوی ویب فلم ’خودکُش محبت‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے کرکٹر فواد عالم اپنے کام سے بہت خوش ہیں۔

’خودکش محبت‘ کے سیٹ پر انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں فواد عالم نے بتایا کہ اداکاری ان کا شوق ہے اور ’شوق کی کوئی حد نہیں ہوتی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ رواں ماہ فارغ تھے اور جب انہیں یہ موقع ملا تو انہوں نے اسے جانے نہیں دیا۔ ’دو تین سال سے اس ضمن میں بات چل رہی تھی مگر موقع نہیں مل سکا تھا۔ اب بالآخر موقع مل ہی گیا اور میں امید کرتا ہوں کہ یہ فلم سب کو پسند آئے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اور اداکاری دونوں مختلف چیزیں ہیں، ہیرو بننا آسان نہیں اور اس کے لیے بہت محنت کرنا پڑتی ہے۔

’کرکٹ ہو یا اداکاری، دونوں میں محنت کرنی پڑتی ہے کیونکہ دونوں ہی اپنی اپنی جگہ مشکل ہیں۔ کیمرے کے آگے اداکاری کرنا اور وہ مکالمے بولنا جو مصنف نے لکھے اور جنہیں ہدایت کار نے بتایا اسے ویسے ہی کرنا، تو کوئی کام آسان نہیں ہوتا۔‘

یہ بات کم لوگ جانتے ہیں کہ کرکٹر فواد عالم پی ٹی وی کے ایک سٹ کام میں بطور مہمان اداکار آئے تھے۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس میں فواد عالم ہی بنے تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے مزید تین سِٹ کام کیے جو ابھی نشر ہونے ہیں۔

’خود کش محبت‘ میں اپنے کردار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ محبت خود کش ہوتی ہے، یہ ایک رومانوی کہانی ہے اور مزید تفصیل کے لیے اسے دیکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہیں فلم کی پیشکش کا فون آیا تو انہوں نے فوراً ہی ہاں کر دی تھی البتہ جب کہانی سنی تو مزہ بھی آیا۔ ’یہ کردار میرے حلیے پر بہت جچ بھی رہا تھا۔‘

پوسٹر کی تصویر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’جہاں رومانس ہوتا ہے وہاں ایکشن تو ہوتا ہی ہے، بغیر ایکشن کے رومانس کہاں۔‘

فواد کا کہنا تھا کہ ان کی اداکاری کی بات ابھی زیادہ عام نہیں ہوئی کیونکہ صرف ایک پوسٹر آیا ہے، اس لیے اب تک ان کے کسی ساتھی کھلاڑی کو اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں۔

 

اس سوال پر کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کس کھلاڑی میں اداکاری کے جراثیم ہیں؟ فواد نے کہا کہ اس دنیا میں ہم سب ہی اداکار ہیں اور ہر انسان کے اندر کہیں نہ کہیں ایک اداکار ہوتا ہے۔

 فواد بڑے پردے کی فلم میں بھی کام کرنا چاہتے ہیں اور اگر انہیں موقع ملا تو وہ فلم میں بھی کام ضرور کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ مہوش حیات، مایا علی اور ماہرہ خان میں سے کس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں تو پہلے تو انہوں نے جواب دینے سے اجتناب کیا لیکن پھر کہا کہ ان تینوں کے ساتھ ہی، کیا پتہ یہ سب ایک ساتھ کام کرلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تین ہیروئینز میں سے جس نے بھی ان کے ساتھ کام کیا وہ ان کے لیے فخر کی بات ہوگی کیونکہ ’یہ جانے مانے نام ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔‘

اپنے آنے والے دورہ زمبابوے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر طرح سے تیار ہیں، اگرچہ کرونا کی عالمی وبا کی وجہ سے کچھ مشکلات ہوسکتی ہیں مگر وہ اپنی تیاری پوری رکھتے ہیں۔

موسم کی شدت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور کھلاڑی ہرطرح کی حالات میں پاکستان کے لیے کھیلنے کو تیار رہتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا