دبئی ایکسپو 2020: دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی اجتماع کا آغاز

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدآل مکتوم نے جمعرات کی شب رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ایکسپو 2020 کے باضابطہ آغاز کے موقع پر کہا: ’پوری دنیا متحدہ عرب امارات میں اکٹھی ہو رہی ہے، آج ہم ایک ساتھ نئی شروعات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔‘

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی اجتماع دبئی ایکسپو 2020 کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب کودنیا بھر میں لاکھوں افراد نے براہ راست دیکھا۔

العربیہ اردو کے مطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدآل مکتوم نے جمعرات کی شب رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ایکسپو 2020 کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

دبئی کے ولی عہد نے افتتاحی خطاب میں کہا: ’پوری دنیا متحدہ عرب امارات میں اکٹھی ہو رہی ہے، آج ہم ایک ساتھ نئی شروعات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ہم اللہ کے فضل وکرم سے دبئی ایکسپو 2020 کا افتتاح کررہے ہیں، اللہ ہمیں کامیابی سے نوازے۔‘

افتتاحی تقریب دنیا کی سب سے بڑی 360 ڈگری پروجیکشن سکرین کے ذریعے دکھائی گئی، جسے الوصل پلازا کے 130 میٹر چوڑے اور 67.5 میٹرطویل گنبد کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔

اس عالمی نمائش کے موقع پر امارت دبئی نے شہر کے ارد گرد تین مقامات فریم، دبئی فیسٹیول سٹی اور پام جمائرہ پر آتش بازی کا اہتمام کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

متحدہ عرب امارات کے کابینہ کے رکن، رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ’یواے ای نے تعمیروترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر لوگوں کی ایک بہترزندگی تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ذہنوں کو جوڑ کر ہم کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ اس ایکسپو میں ہم تعاون کے فروغ کے ذریعے دنیا کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘

اماراتی وزیر کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار 192 ممالک کا کاروباری اور ثقافتی اجتماع منعقد ہورہا ہے۔ ’ہم سب کے خوش حال مستقبل کے حصول کے لیے تعاون، رواداری، بقائے باہمی اور امن کا پیغام عام کررہے ہیں۔‘

بین الاقوامی نمائش بیورو کے سیکرٹری جنرل دیمتری ایس کرکینٹزیس نے کہا کہ ایکسپو 2020 دنیا کے ممالک کے درمیان شراکت داری اور تعاون کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے دنیا کے ممالک کے ساتھ مل کر ایکسپو کا کامیابی سے انعقاد کرنے کی کوشش کی ہے، ہم اس اہم بین الاقوامی تقریب کی میزبانی پر یواے ای کے وژن کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عالمی نمائش میں منتظمین اور شرکا کے درمیان تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا اور دبئی ایکسپو دنیا کے بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے نئی شراکت داریاں قائم کرے گا۔

عالمی شہرت یافتہ کلاسیکی موسیقاراور پاپ سٹارز ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر اپنے اپنے جوہر دکھانے کے لیے دبئی میں اکٹھے ہوئے ہیں اور انہوں نے دنیا کے عظیم ترین شو کی افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ مشہور اطالوی فن کار اینڈریا بوچیلی نے الوصل پلازا میں موسیقی کے طائفے کی قیادت کی ہے۔

دبئی ایکسپو2020 مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا (ایم ای اے ایس اے) کے خطے میں پہلی عالمی نمائش ہے۔ یہ یکم اکتوبر2021 سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گا، جس میں 190 سے زیادہ ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا