دبئی میں ’بریانی چائے‘ کے چرچے

نام کی مناسبت سے تو بریانی چائے کو 'تہہ دار' ہونا چاہیے اور ایسا ہوتا بھی ہے، لیکن دبئی کے علاقے کرامہ میں واقع الحارہ نامی ایک دکان نے اس فن کو یکسر تبدیل کردیا ہے اور وہ اس میں ڈالا جانے والا خفیہ جز بھی نہیں بتاتے۔

نام کی مناسبت سے تو بریانی چائے کو ’تہہ دار‘ ہونا چاہیے (تصویر: بشکریہ کک پیڈ ویب سائٹ)

دبئی میں ان دنوں ’بریانی چائے‘ کے چرچے ہیں جس کی کشش شوقینوں کو ان ڈھابوں اور دکانوں کی طرف کھینچ لے آتی ہے، جہاں یہ دستیاب ہوتی ہے۔

نام کی مناسبت سے تو بریانی چائے کو ’تہہ دار‘ ہونا چاہیے اور ایسا ہوتا بھی ہے، لیکن دبئی کے علاقے کرامہ کی ہمدان کالونی میں واقع الحارہ نامی ایک دکان نے اس فن کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔

اس دکان میں چائے کے شوقین 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں اور یہاں آنے والے افراد میں اکثریت کوریئر سروس سے منسلک افراد، ڈرائیوروں، سیلز مین اور علاقے کے مقامی افراد کی ہے، جن میں سے زیادہ تر کی پسند بریانی چائے ہے۔

الحارہ میں بغیر دودھ کے کھولتے ہوئے پانی میں تیار ہونے والی اس مصالحے دار چائے میں ادرک بھی ڈالی جاتی ہے، جبکہ دار چینی اور سیاہ مرچ کے ساتھ پودینے کے پتے اور شہد اس کے ذائقے کو مزید عمدہ بناتے ہیں۔ ساتھ ہی تازہ لیموں کا رس اسے مزید چار چاند لگاتا ہے۔

یقینی طور پر اس میں ایک خفیہ جز بھی ہے لیکن اس کو تیار کرنے والے وہ بتانے سے کتراتے ہیں۔ ان تمام اشیا سے تیار ہونے والی اس چائے کا ذائقہ انتہائی فرحت بخش ہے۔ یہ ذائقہ بیک وقت میٹھا، ترش اور کڑوا محسوس ہوتا ہے لیکن ڈرائیوروں کی تھکن بھگانے کے لیے یہ اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’گلف نیوز‘ کے مطابق اس کا آغاز آج سے 23 سال قبل 1998 میں کیرالہ سے آنے والے چار بھارتی تندراپالی بھائیوں (کزنز) نے کیا تھا۔

ان میں سے ایک عثمان تندراپالی صوفی یہاں اپنے بیٹے افضل تندراپالی اور 16 ملازمین سمیت آنے والوں کو چائے پلاتے ہیں۔

عثمان صوفی 35 سال سے متحدہ عرب امارات کے رہائشی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سات سال نوکری کرنے کے بعد انہوں نے اپنے کزنز عبداللہ، محمود اور احمد کے ساتھ مل کر الحارہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

بریانی چائے کا خیال بھی عثمان صوفی نے پیش کیا تھا جو اب الحارہ کی معروف ترین چائے ہے۔

الحارہ والے تو اپنی چائے کی ترکیب نہیں بتاتے لیکن یہ سچ ہے کہ مختلف لوگ اس چائے کو مختلف طریقوں سے بناتے ہیں اور اس کی اصل شکل تہہ دار ہی ہے۔

’کک پیڈ‘ نامی ویب سائٹ پر موجود تہہ دار بریانی چائے کی بنانے کی ریسیپی ملاحظہ کیجیے:

اجزا

  • - پانی (تین چوتھائی کپ)
  • - الائچی (دو عدد پسی ہوئی)
  • - لونگ (تین عدد)
  • - دار چینی (ایک ٹکڑا)
  • - چائے کی پتی (دو چائے کے چمچ)
  • - کنڈیسنڈ ملک (دو چائے کے چمچ)
  • - ٹھنڈا دودھ (ایک چوتھائی چائے کا چمچ)
  • - دار چینی پاؤڈر (ایک چٹکی)

ترکیب

- ایک گلاس میں کنڈیسنڈ ملک کو اس طرح سے ڈالیں کہ وہ گلاس کی سائیڈوں سے نہ لگے۔

- ایک دوسرے برتن میں پانی لے کر اس میں تمام مصالحے اور چائے کی پتی ڈال کر ابال لیں۔

- پھر پانی چھان لیں اور تمام مصالحے الگ کرلیں۔

- ایک گلاس میں دودھ کو پھینٹنا شروع کریں، اتنا کہ اس پر جھاگ آ جائے۔

- اب اس جھاگ والے دودھ کو کنڈینسڈ ملک کے اوپر ڈالیں۔

 -اب اس میں ایک اسٹرا شامل کریں اور اسٹرا کی مدد سے چائے کا پانی شامل کریں۔

- اوپر سے دار چینی کا پاؤڈر چھڑک دیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا