’پاکستانی ٹیم میں کھیلنے والے پہلے سندھی کھلاڑی شاہنواز دھانی‘

صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کے بارے میں سوشل میڈیا پہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ پہلے کھلاڑی ہیں جو اندرون سندھ سے قومی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

شاہنواز دھانی نے پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے(تصویر: اے ایف پی)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پیر کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 کرکٹ میچ میں اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لے کر ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے آج اپنے کریئر کی شروعات کردی ہے۔

صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اس سال منعقدہ پاکستان پریمئر لیگ (پی ایس ایل 6) میں سب کی توجہ حاصل کی۔  وہ ہے شاہنواز دھانی تھے۔ انہوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔

دھانی کو ملتان سلطانز کی جانب سے پی ایس ایل میں ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا تھا اور پشاور زلمی کے خلاف کھیل کے دوران سلطانز کے لیے انہوں نے اپنا پہلا میچ کھیلا۔ ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شاہنواز دھانی انہیں شعیب اختر جیسے لگتے ہیں۔

اے آر وائے چینل سے اپنے انٹرویو کے دوران شاہنواز کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے تھوڑا دور دھانیوں کا گاؤں ہے جہاں وہ اپنے والد کے ساتھ اپنے باغات میں کام کیا کرتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گاؤں کے ماحول میں وہ ٹیپ بال میچ کھیلا کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے ایک دوست جب شہر سے ان کا میچ دیکھنے گاؤں آئے تو انہوں نے بہت فخر محسوس کیا۔ میچ دیکھنے کے بعد ان کے والد کے دوست نے انہیں الشہباز کرکٹ کلب لاڑکانہ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ یہ کرکٹ کلب سندھ بھر میں اس لیے مشہور ہے کہ یہاں سے چھ کھلاڑی اب تک فرسٹ کلاس کرکٹر رہے ہیں۔

شاہنواز کا کہنا تھا کہ انہیں انڈر 19 سمیت کسی بھی جگہ سلیکٹ ہونے کے حوالے سے کوئی آگاہی نہیں تھی۔ انہوں نے بالخصوص اپنے ان دوستوں کا ذکر کیا جنہوں نے قدم قدم پر ان کی مدد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ والد چاہتے تھے کہ میں پڑھائی پر توجہ دوں لیکن آس پاس کے لوگوں نے والد کو اس بات پر منایا کہ میں الشہباز کلب کے ساتھ میچ کھیلوں اور پھر جب ان تک شاہنواز کی پرفارمنس کی رپورٹ پہنچی تو وہ بہت خوش ہوئے۔

شاہنواز دھانی کی آمد کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین میں بھی کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے ٹاپ ٹرینڈز میں آج شاہنواز دھانی شامل رہے۔

صحافی حیدر اظہر نے انہیں ڈیبیو کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

ساگر سندھیرو نامی صارف نے دعویٰ کیا کہ شاہنواز دھانی سندھ سے پہلے کھلاڑی ہیں جو پاکستانی ٹیم میں کھیلے ہیں۔

کرکٹ ایرا 4 کی جانب سے شاہنواز کی وہ تصویر شئیر کی گئی جس میں وہ اپنی والدہ سے ویڈیو کال پر گفتگو کے درمیان دعا کرنے کا کہہ رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ڈیبیو پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ لے سکیں۔

محمد منیر الزماں نامی صارف نے ان کے پہلے میچ میں وکٹ لینے کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ہے۔

سیف الرحمن نامی صارف کا کہنا تھا کہ دھانی کی پہلی گیند 90 میل فی سیکنڈ کی رفتار سے نکلی اور تیسری بال پر انہوں نے وکٹ لی، پاکستان جیسا ٹیلنٹ فاسٹ باؤلنگ کے حوالے سے اور کہیں نہیں ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے بہت سے کھلاڑی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں کھیل چکے ہیں مگر ان کی اکثریت کا تعلق کراچی یا حیدر آباد سے ہوتا ہے، مثال کے طور پر جاوید میانداد، راشد لطیف، معین خان، سرفراز احمد پاکستانی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔ اسی طرح شرجیل خان کا تعلق حیدر آباد سے ہے۔ مگر دھانی کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ’اندرونِ سندھ‘ سے آ کر قومی ٹیم میں شامل ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ