تنسیخ نکاح: عامر لیاقت اور دانیہ سوشل میڈیا پر آمنے سامنے

دانیہ شاہ کی جانب سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت جانے کے انسٹاگرام بیان کے بعد عامر لیاقت سوشل میڈیا پر ردعمل دے رہے ہیں۔

عامر لیاقت حسین اور دانیہ شاہ کی شادی کے موقعے پر لی گئی تصویر (فوٹو عامر لیاقت حسین انسٹاگرام اکاؤنٹ)

رواں برس فروری میں پاکستانی سیاست دان اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت نے ایک ٹک ٹاکر دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی مگر یہ شادی تین ماہ کے بعد اس وقت خطرے میں پڑ گئی جب دانیہ نے بتایا کہ انہوں نے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

دانیہ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ انہوں نے ’تشدد کیے جانے‘ کی وجہ سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

دانیہ شاہ کا دعویٰ

دانیہ نے دنیا نیوز ٹی وی چینل سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ ’ڈاکٹر عامر لیاقت نے ظلم کیا اور دو دو، چار چار دن کمرے بند میں رکھتے اور کھانا بھی وقت پر نہیں دیتے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر نوکروں کی یا میڈیا کی بات بری لگتی تھی تو میرے ساتھ آکر بحث کرتے، دھکے دیتے اور ایک بار گولی مارنے کی دھمکی بھی دی۔‘

دانیہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا تھا کہ کسی گناہ کی سزا مل رہی ہے اور دوزخ میں آ چکی ہوں۔‘

ڈاکٹر عامر لیاقت کا جواب

دوسری جانب ڈاکٹر عامر لیاقت نے واٹس ایپ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عدالت سے تنسیخ نکاح کے لیے رجوع کرنے سے قبل دانیہ انہیں بہاولپور بلاتی رہی ہیں۔

عامر لیاقات نے ہفتے کو انسٹاگرام پر دانیہ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ان کی عامر لیاقت سے علیحدگی نہیں ہوئی اور عامر لیاقت کا دعویٰ ہے یہ ویڈیو دو دن پرانی ہے۔

دانیا شاہ کے تنسیخ نکاح میں مطالبات

دانیہ شاہ کے تنسیخ نکاح کے دعوے میں ایک لاکھ روپے بطور نان نفقہ، حق مہر میں ایک عدد کوٹھی، 11 کروڑ روپے، ایک عدد کار ٹیوٹا کرولا جی ایل آئی جس کی مالیت 45 لاکھ روپے اور تین تولہ سونا زیورات شامل ہیں۔

ان سب کی کُل قیمت 11 کروڑ 51 لاکھ 50 ہزار روپے درج کی گئی ہے۔

ادھر عامر لیاقت نے اپنے انسٹاگرام پر مبینہ نکاح نامہ شیئر کیا ہے جس میں حق مہر کی رقم دو لاکھ 50 ہزار دکھائی دے رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ردعمل

ڈاکٹر عامر لیاقت اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتے ہیں اور پچھلے کچھ عرصے میں شادیوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث رہے۔

وہ اپنی اہلیہ طوبیٰ سے دوسری شادی اور پھر علیحدگی کے بعد سوشل میڈیا پر موضوع بحث رہے اور پھر دانیہ کے ساتھ تیسری اور اب ممکنہ علیحدگی کے باعث وہ ایک پھر ٹوئٹر ٹرینڈز پر موضوع بحث ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف اسد صدیق نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب آپ گو آوے کی شرٹ خان صاحب کے لیے پہنیں اور آپ کی بیوی ہی چلی جائے۔

عثمان عارف نے اے آر وائے نیوز کی خبر کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن کی تیسری بیوی بھی منحرف۔

 

عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کی علیحدگی ہو رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اس پر میمز بھی شیئر ہو رہے ہیں۔ جنید حنیف نے بھی عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کی علیحدگی پر میم شیئر کی ہے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ