چوہے والی ویڈیو کا بلوچستان سے تعلق نہیں: صوبائی حکومت

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک اجلاس کے دوران چوہے کو میز پر پڑا کیک کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جسے بعض صارفین چیف سیکریٹری بلوچستان سے منسوب کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں چوہے کو مرکزی میز پر پڑے برتن میں رکھے کیک کو مزے لے لے کر کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے (سکرین گریب) 

سوشل میڈیا پر کچھ روز سے ایک وائرل ویڈیو میں بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ایک اجلاس کے دوران چوہے کو کیک کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم پاکستان میں بعض سوشل میڈیا صارفین نے سرحد پار سے آنے والی ویڈیو کو اپنے ملک سے جوڑتے ہوئے، اسے چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کا اجلاس قرار دیا، جس کی صوبائی حکومت نے تردید کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں ایک اجلاس کے دوران مرکزی میز پر پڑے ایک برتن میں پڑے کیک کو ایک چوہے کو مزے لے لے کر کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فیس پر ’کاکو اچار‘ نامی صارف نے مذکورہ ویڈیو کو چیف سیکریٹری بلوچستان سے منسوب کرتے ہوئے لکھا: ’چیف سیکرٹری بلوچستان اور افسران کے سامنے ٹیبل پر چوہا طعام کھا رہا ہے ۔اس وقت ہمیں چوہے کی دیدہ دلیری کو داد دینی چاہیے ۔ ایک چوہا بلوچستان کے عوامی نمائندوں کو مونچھوں کا تاؤ دکھا رہا ہے۔‘
Rat in the meeting... pic.twitter.com/I0cF6Lz8gZ

ویڈیو بنانے والا اجلاس کی صدارت کرنے والے کے پیچھے کھڑا ہے، اور زوم کر کے کیک کھاتے ہوئے چوہے کو دکھاتا ہے۔

ویڈیو کی تفصیلات چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے ڈاکٹر عارف خواجہ نامی ٹوئٹر صارف نے پہلی مرتبہ پانچ دسمبر کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے شیئر کیا تھا۔

تاہم ویڈیو میں چیف سیکریٹری بلوچستان کی موجودگی کی تردید اس وقت ہو گئی جب بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اسے شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’کشمیر میں ایک اجلاس کے دوران ایک غیر متوقع مہمان کی شرکت۔‘ 

 ویڈیو میں دکھائے اجلاس میں بیٹھے افراد کے لباس اور خصوصا سروں پر رکھی ٹوپیوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کا بلوچستان یا پاکستان کے کسی دوسرے علاقے سے تعلق نہیں ہے۔

بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پروائرل جعلی و غیر تصدیق شدہ ویڈیو کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو بھارت کی کسی آن لائن نیوز سروس سے اٹھا کر پھیلائی جا رہی ہے۔ ’وائرل ویڈیو میں کوئی صداقت نہیں اور اس طرح کی جعلی ویڈیو بنا کر کسی علاقے سے منسلک کرنا  نامناسب اقدام ہے۔‘

فرح عظیم شاہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ویڈیو میں موجود چوہے کو دکھا کر بلوچستان سے منسلک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان