’انڈیا، میں آ رہا ہوں‘: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو ویزا مل گیا

انڈیا کی جانب سے ویزا کے اجرا کے بعد آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر بلے باز کو بالآخر انڈین دورے کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے ویزا ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا: ’انڈیا میں آ رہا ہوں‘ (عثمان خواجہ فیس بک اکاؤنٹ)

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو جمعرات کے روز انڈیا کی جانب سے ویزا کے اجرا کے بعد بالآخر انڈین دورے کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ویزا کے اجرا کا انتظار کرنے والے عثمان خواجہ نے شیڈول کے ایک دن بعد میلبرن سے انڈیا کی فلائٹ لی۔

آسٹریلیا کے 18 رکنی سکواڈ کے دیگر اراکین بنگلور میں تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے منگل اور بدھ کو انڈیا پہنچے تھے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ کو انڈیا کے دورے کے لیے ویزا کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ 2011 میں بھی آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر بلے باز نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ انہیں انڈیا میں داخل ہونے کی اجازت اس لیے نہیں دی گئی کیونکہ وہ آسٹریلیا میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔

بدھ کو عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ایک میم پوسٹ کرتے ہوئے ’سٹرینڈڈ، ڈونٹ لیو می اور اینی ٹائم ناؤ‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ موجودہ صورت حال کی جانب اشارہ کیا تھا۔

ویزہ ملنے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک اور پیغام میں کہا: ’انڈیا میں آرہا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

36 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اپنے 56 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل کیریئر کے دوران انڈیا کی سرزمین پر ایک بھی میچ نہیں کھیلا تاہم وہ وہاں کرکٹ کے وائٹ بال فارمیٹس کھیل چکے ہیں۔

عثمان خواجہ تقریباً تین سال کی غیر حاضری کے بعد گذشتہ سال جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز جیتنے کے بعد مسلسل آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

انہوں نے سڈنی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سینچریاں سکور کیں اور مزید تین سینچریاں بنائی ہیں جن میں گذشتہ ماہ سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست 195 رنز  اور 11 دیگر میچوں میں پانچ بڑی نصف سینچریاں شامل ہیں۔

انڈیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز جمعرات (نو فروری) کو ناگ پور میں شروع ہو رہی ہے۔ دوسرا ٹیسٹ نئی دہلی میں 17 فروری، تیسرا یکم مارچ کو دھرم شالہ میں اور آخری ٹیسٹ نو مارچ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ