راولپنڈی ٹیسٹ: عثمان خواجہ ’یادگار سینچری‘ بنانے میں ناکامی پر مایوس

آج کم روشنی اور بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے بلے باز عثمان خواجہ چھ مارچ، 2022کو راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں نصف سینچری مکمل کرنے پر شائقین کا شکریہ ادا کر رہے ہیں (اے ایف پی)

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے اتوار کو کہا ہے کہ انہیں راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف سنچری کرنے میں ناکامی پر مایوسی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کامیاب ہو جاتے تو وہ ان کے لیے اس ملک میں بنائی جانے والی ’یادگار سنچری‘ ہوتی جہاں وہ پیدا ہوئے۔

دوسری جانب آج آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کو بھرپور جواب دیا۔

کم روشنی کی وجہ سے آج کھیل روک دیا گیا جس کے بعد بارش شروع ہو گئی۔ اس وقت تک آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے اور اس کی آٹھ وکٹیں باقی تھیں۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف 205 رنز کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے ہفتے کو چار وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

مارنس لبوشین نے 69 اور سٹیوسمتھ نے 24 رنز بنائے۔ تاہم آخری دو دنوں میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ممکن ہے کہ کھیل کا کوئی نتیجہ نہ نکلے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے باوجود اگر عثمان خواجہ پاکستان میں اپنی 11 ویں ٹیسٹ سنچری کر لیتے تو ان کے لیے آج یادگار دن ہوتا۔

خواجہ 1986 میں پاکستان میں پیدا ہوئے جس کے بعد ان کے والدین آسٹریلیا منتقل ہو گئے تھے۔

97 رنز پر آؤٹ ہونے والے عثمان خواجہ کے بقول: ’یہ کچھ مایوس کن تھا۔ آپ چینج روم میں آتے ہیں اور ایک اعتبار سے 20 رنز بنانے سے زیادہ برا محسوس کرتے ہیں۔‘

بائیں ہاتھ کے بلے بازنے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی کو ریورس سویپ لگانے کی کوشش کی مگر گیند گلوو پر لگی اور امام الحق نے شارٹ لیگ پر ان کا کیچ تھام لیا۔ امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا لیکن نظرثانی پر پاکستان کو وکٹ دے دی گئی۔

عثمان خواجہ کے مطابق: ’آسٹریلیا میں میرا خاندان میچ دیکھ رہا ہو گا۔ میری بیوی بھی جو دوسرے بچے کی ماں بننے والی ہے۔ اگر آپ اس کو تناظر میں رکھ کر دیکھیں تو دو ماہ پہلے میں آسٹریلین ٹیم میں نہیں تھا۔ اس لیے میں بہت شکرگزار اور خوش ہوں کہ میں نے آخر میں ٹیم کے ٹوٹل رنز میں اپنا حصہ ڈالا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ