میں اور رضوان اوپن کریں تو کوہلی ون ڈاؤن ہونے چاہییں: شان مسعود

انڈیپنڈنٹ اردو کے خصوصی پروگرام انڈی کی گوگلی میں مشتاق احمد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’وراٹ کوہلی ایک مثال ہیں اور انہوں نے بھارتی کرکٹ کا کلچر تبدیل کر دیا ہے۔‘

پاکستان کے اوپننگ بلے باز شان مسعود کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کے کھیل کے مداح ہیں۔

انڈیپنڈنٹ اردو کے خصوصی پروگرام انڈی کی گوگلی میں مشتاق احمد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’وراٹ کوہلی ایک مثال ہیں اور انہوں نے بھارتی کرکٹ کا کلچر تبدیل کر دیا ہے۔‘

مشتاق احمد نے سوال کیا کہ ’ٹیم میں ایک بھارتی کھلاڑی کو شامل کرنا ہو تو کس کو کریں گے؟‘

 اس پر شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’اگر میں اور رضوان اوپر کھیلیں تو ون ڈاؤن وراٹ کوہلی ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’اگر کوہلی ہو تو اننگ مزید بہتر ہو جائے گی اور ہم بھگا بھگا کر ٹیموں کو ہرا دیں۔‘

اپنے پسندیدہ بلے باز کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کرکٹ دیکھنا ہی سعید انور کو دیکھ کر شروع کی، شاید ہی ان جیسا بن سکوں اور نہ ہی ان جیسا بائیں ہاتھ کا کوئی بلے باز آئے گا۔‘

شان مسعود نے بتایا کہ ان کے علاوہ کمار سنگاکارا ان کے پسندیدہ بلے باز ہیں اور خوش نصیبی ہے کہ ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں دوبارہ جگہ بنانے والے شان مسعود کا کہنا تھا: ’شاہین شاہ آفریدی کو کھیلنا چیلنج ہے اور پاکستان کے پاس اس وقت دنیا کا بہترین بولر ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’شاہین شاہ آفریدی میچ کے دوران ہی اپنا پلان تبدیل کر لیتے ہیں اور انہیں کھیلتے ہوئے سوچنا پڑتا ہے کہ یہ کس پلان کے ساتھ آئے ہیں۔‘

وائٹ بال کرکٹ میں اچھی کارکردگی سے متعلق شان مسعود نے مشتاق احمد کو بتایا کہ ’آپ نے ہی مجھے انگلینڈ میں 2016 میں کہا تھا کہ تمہارے ہاتھ بہت اچھے چلتے ہیں اور 2016 سے وائٹ بال کرکٹ میں کامیابی ملی۔‘

شان مسعود کے مطابق: ’پاکستان سُپر لیگ کی وجہ سے کھیل اور بھی بہتر ہوا کیوں کہ زیادہ پریکٹس کرنے کو ملتی ہے اور مقامی اور انٹرنینشل اچھے بولرز کھیلنے کو ملتے ہیں۔‘

شان مسعود کہتے ہیں کہ ٹرننگ پوائنٹ یہ تھا کہ گراونڈ میں جا کر کھل کر کھیلنا شروع کیا تو وہ چیزیں ہوئیں جس کا سوچا بھی نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا:  ’رضوان اور میں ایک ساتھ انڈر19 ایک ساتھ کھیل چکے ہیں اور ہماری اتنی بنتی ہے کہ اکثر تو آنکھوں کے اشارے پر ہی رن لے لیتے ہیں۔‘

شان مسعود نے 2013 میں پاکستان کے لیے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا اور 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ کھیلا۔ 2019 کے بعد شان مسعود نے کوئی ایک روزہ میچ نہیں کھیلا۔

شان مسعود نے پی ایس ایل 7 میں 457 رنز بنائے اور ایک بار پھر قومی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ