انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل میں رائل چیلنجرز بینگلور نے پنجاب کنگز کو شکست دے کر آخرکار وراٹ کوہلی کا چیمپیئن بننے کا ادھورا خواب پورا کر ہی دیا۔
فائنل میں پنجاب کنگز 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 184 رنز ہی بنا سکی۔
اس طرح رائل چیلنجرز 18 سال بعد آئی پی ایل ٹرافی جیت ہی گئی۔ یہ جیت وراٹ کوہلی کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ انہوں نے 18 سال اسی فرنچائز سے کھیلا، کپتانی بھی کی مگر کبھی فائنل جیت نہیں پائے تھے۔
وراٹ کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو ایک ہی فرنچائز سے گذشتہ 18 سالوں سے کھیل رہے ہیں۔
میچ جیتنے کے بعد کوہلی نے خود بھی کہا کہ انہوں نے خود سے عہد کیا تھا کہ ’میں اسی فرنچائز سے کھیلوں گا، اسی کے لیے جیتوں گا اور جب تک آئی پی ایل کھیلا اسی فرنچائز میں رہوں گا۔‘
وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’آج میں ایک چھوٹے بچے کی طرح سوؤں گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب پنجاب کنگز کے لیے بھی یہ موقع تھا کہ وہ پہلی بار فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل کر سکیں مگر وہ اس میں اس وقت ناکام رہے جب انہیں آخری اوور میں جیتنے کے لیے 29 رنز درکار تھے مگر وہ تین چھکوں اور ایک چوکے کے باوجود چھ رنز سے ہار گئے۔
نوجوان کپتان شریس ایئر کی قیادت میں پنجاب کنگز کافی اچھی کارکردگی اور دوسرے ایلیمینیٹر میں ممبئی انڈینز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی جبکہ رجت پٹیدار کی کپتانی میں رائل چیلنجرز بینگلور کے لیے بھی یہ سیزن شاندار رہا ہے، جہاں انہوں نے آئی پی ایل ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی اور کوالیفائر میں بھی پنجاب کنگز کو ہی شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے ایک بیٹنگ فرینڈلی وکٹ پر نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تو پنجاب کنگز کی ممبئی انڈینز کے خلاف پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے لگ رہا تھا کہ وہ شاید فائنل بھی آسانی سے جیت جائیں۔
مگر آر سی بی کے بولرز نے ان اندازوں کو غلط ثابت کیا۔
آر سی بی کی جانب سے فائنل میں بھی وراٹ کوہلی ہی سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے جنہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
پنجاب کنگز نے 191 رنز کا تعاقب شروع کیا تو 43 رنز کا اوپننگ سٹینڈ ملنے کے باوجود 98 کے مجموعی سکور پر اس کی چار وکٹیں گر چکی تھیں جن میں کپتان شریس ایئر بھی شامل تھے جو صرف ایک رن ہی بنا سکے۔
پنجاب کی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 61 رنز ششنک سنگھ نے بنائے۔
دوسری جانب رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے بھونیشور کمار اور کرونل پانڈیا نے دو، دو جبکہ دیال، ہیزل وڈ اور شیفرڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔