ایک ٹیسٹ میں 430 رنز، انڈین بلے باز شبھمن گل کے نام ایک اور اعزاز

انڈیا کے شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 161 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ پہلی اننگز میں وہ 269 رنز بنا چکے تھے، یوں ان کے میچ کے مجموعی رنز 430 ہو گئے۔

5 جولائی 2025 کو وسطی انگلینڈ کے برمنگھم میں ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا کے شبھمن گل پویلین جاتے ہوئے (اے ایف پی)

انڈیا کے کپتان شبھمن گل نے ہفتے کے روز انگلینڈ کے خلاف ایجبیسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنا لی۔

اے ایف پی کے مطابق 25 سالہ شبھمن گل نے جاری دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ پہلی اننگز میں وہ 269 رنز بنا چکے تھے، یوں ان کے میچ کے مجموعی رنز 430 ہو گئے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک صرف پانچ بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے کسی ایک ٹیسٹ میچ میں 400 یا اس سے زائد رنز بنائے ہیں۔ ان میں سرفہرست انگلینڈ کے عظیم بلے باز گراہم گوچ ہیں جنہوں نے 1990 میں لارڈز کے میدان پر انڈیا کے خلاف 456 رنز بنائے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز:

1.        456 – گراہم گوچ (انگلینڈ): 333 اور 123 بمقابلہ انڈیا، لارڈز، 1990

2.        430 – شبھمن گل (انڈیا): 269 اور 161 بمقابلہ انگلینڈ، ایجبیسٹن، 2025

3.        426 – مارک ٹیلر (آسٹریلیا): 334 ناٹ آؤٹ اور 92 بمقابلہ پاکستان، پشاور، 1998

4.        424 – کمار سنگاکارا (سری لنکا): 319 اور 105 بمقابلہ بنگلہ دیش، چٹاگانگ، 2014

5.        400 – برائن لارا (ویسٹ انڈیز): 400 ناٹ آؤٹ بمقابلہ انگلینڈ، سینٹ جانز، 2004

انڈین کرکٹ بورڈ نے شبھمن گِل کو مئی 2025 میں انڈیا کی ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔

انہوں نے روہت شرما کی جگہ لی ہے، جنہوں نے آخری بار دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں انڈیا کی قیادت کی تھی۔

شبھمن گِل نے دسمبر 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبو کیا اور تب سے اب تک 32 میچوں میں 1893 رنز 35.05 کی اوسط سے بنا چکے ہیں

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

25 سال اور 258 دن کی عمر میں شبھمن گل انڈیا کے ٹیسٹ کپتان بننے والے پانچویں کم عمر کھلاڑی ہیں۔

انگلینڈ کے دورے کے لیے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو نائب کپتان نامزد کیا گیا۔

شبھمن گل آٹھ ستمبر 1999 کو فاضلکا، پنجاب میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں اور دائیں ہاتھ سے آف بریک بولنگ کرتے ہیں۔ ان کا بنیادی کردار ایک اوپننگ بلے باز کا ہے۔

شبھمن گل آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہیں اور اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ وہ انڈیا، پنجاب، انڈیا انڈر-19، پنجاب انڈر-19 اور پنجاب انڈر-16 کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

شبمن گل کو آئی پی ایل 2024 میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کا کپتان مقرر کیا گیا، جو ان کی انڈین پریمیئر لیگ میں پہلی بار قیادت کا تجربہ تھا۔ وہ ٹیم کو پلے آف تک تو نہیں لے جا سکے، لیکن یہ ان کا مسلسل پانچواں سیزن رہا جس میں انہوں نے 400 سے زائد رنز بنائے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ