ملیے قدیم آلات موسیقی اصل حالت میں محفوظ رکھنے والے ماہراللہ سے

پشاور سے تعلق رکھنے والے ماہراللہ موسیقی کے پرانے اور نایاب آلات اکٹھا کرتے ہیں۔

کسی پرانے لاؤڈ سپیکر سے ملتا جلتا سنہری رنگ کا ایک آلہ پشاور کی ایک دکان کے کونے میں پڑا تھا۔ ماہراللہ نے جیب سے ایک چھوٹی سی ڈبی برآمد کی, جس کے اندر سے ایک سوئی نکال کر قدیم آلے سے کچھ چھیڑ چھاڑ کی۔ ریکارڈ لگانا تھا کہ ایک پرانا نغمہ دھیمی آواز میں بجنا شروع ہو گیا۔

یہ 100 سال سے زیادہ پرانا گراموفون ہے، جو اس وقت کا مشہور آلہ موسیقی تھا اور امیر لوگوں کے حجروں میں ضرور عصاصر ہوتا تھا۔

موسیقی کے ایسے پرانے اور نایاب آلات اکٹھا کرنا اور رکھنا ماہراللہ کا شوق ہے۔

گراموفون کے علاوہ ان کے پاس دیگر موسیقی کے پرانے آلات بھی موجود ہیں جبکہ ان آلات میں استعمال ہونے والے پرانے ریکارڈز کا ذخیرہ بھی ماہراللہ جمع کرتے ہیں۔  

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ’میرے والد گراموفون کی مرمت کا کام کرتے تھے اور اسی سے میرا شوق پیدا ہوا۔ آج میرے پاس کئی پرانے موسیقی کے آلات موجود ہیں۔‘

ماہراللہ کا مزید کہا تھا کہ ’میں نے امریکہ سمیت مختلف ممالک میں ان آلات کی نمائش کی ہے جبکہ یہ گراموفون لندن سے اور باقی کچھ آلات میں بیرونِ ملک سے خرید کر لایا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ماہراللہ نے بتایا کہ اس شوق کا مقصد دراصل کلچر کو پروموٹ کرنا ہے اور اسی وجہ سے مختلف علاقوں اور ممالک کا دورہ بھی کر چکا ہوں۔

گراموفون کا پشاور کے ساتھ ماہراللہ کے مطابق تاریخی تعلق ہے کیونکہ پشاور کے قصہ خوانی بازار ایک مرکز تھا اور وسطی ایشیائی ممالک کے تاجر وہاں آتے تھے۔

’قصہ خوانی بازار مشہور بھی اسی پر تھا کہ یہاں تاجر آکر آرام کرتے اور آگے وسطی ایشیائی ممالک کی طرف نکلتے تھے۔‘

ماہراللہ نے بتایا، ’یہ تاجر قصہ خوانی بازار میں کے قہوے لطف اندوز ہوتے اور گراموفون پر موسیقی لگانے کی فرمائش بھی کرتے۔‘

قدیم آلات موسیقی اکٹھا کرنے کے شوقین ماہراللہ نے گراموفون کے کام کرنے کے طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بغیر بجلی کے چابی سے چار منٹ تک چلنے والے اس آلے میں ایک سوئی استعمال ہوتی ہے جو دو تین ریکارڈ لگانے کے بعد تبدیل کی جاتی ہے۔

’اب تو اس کی سوئی بھی مشکل سے ملتی ہے لیکن میرے پاس سوئیاں موجود ہیں اور اسی سے ریکارڈ لگاتا ہوں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی