ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی فیلڈ مارشل سے ملاقات: ایرانی سفارت خانہ

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔‘

 

  • امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع۔
  • ایران کا آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کے خاتمے تک امریکہ سے مذاکرات سے انکار۔
  • ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کی پاکستان آمد، امریکی وفد کی آمد متوقع

لائیو اپ ڈیٹس

 

 


امریکہ جنگ سے نکلنے کا باعزت راستہ ڈھونڈ رہا ہے: ایران

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی وزارت دفاع نے ہفتے کو کہا کہ امریکہ جنگ سے نکلنے کے لیے ’باعزت راستہ‘  تلاش کر رہا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق وزارت کے ترجمان نے کہا ’آج ہماری فوجی طاقت ایک غالب قوت ہے، اور دشمن اس جنگی دلدل سے نکلنے کے لیے کوئی ایسا راستہ ڈھونڈ رہا ہے جس سے اس کی ساکھ برقرار رہ سکے۔‘

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں۔

تاہم ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ براہِ راست مذاکرات فی الحال متوقع نہیں۔


آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے میں مدد پر غور کر سکتے ہیں: ترکی

روئٹرز کے مطابق ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے بعد ترکی آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائیوں میں حصہ لینے پر غور کر سکتا ہے۔

فیدان نے جمعے کی شام لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاہدے کے بعد ایک تکنیکی ٹیم آبنائے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام انجام دے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اصولی طور پر ایسے اقدامات کو ایک انسانی ذمہ داری کے طور پر مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔


تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے شہری پروازیں دوبارہ شروع

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران نے ہفتے کو تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے شہری پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

 امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے تقریباً دو ماہ بعد پہلی بار تہران کے بین الااقوامی ایئرپورٹ سے بیرون ملک کے لیے پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ تہران میں امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے استنبول، عمان کے دارالحکومت مسقط اور سعودی شہر مدینہ کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں۔

فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم فلائٹ ریڈار 24 نے ظاہر کیا کہ کم از کم تین استنبول جانے والی پروازیں ہفتہ کی صبح روانہ ہوئیں۔

ایران نے اس مہینے کے شروع میں امریکہ کے ساتھ جنگ بندی کے درمیان اپنی فضائی حدود جزوی طور پر دوبارہ کھول دی تھیں۔ 


ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی فیلڈ مارشل سے ملاقات

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔‘

ملاقات میں پاکستان کی جانب سے وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل عاصم ملک جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی، وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم شامل تھے۔

اس بیان کے ساتھ سفارت خانے نے اس ملاقات کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایران کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔


پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطہ

خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان جمعے کو ٹیلی فونک رابطے میں ایران امریکہ مذاکرات پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے۔

یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایرانی وفد وزیرخارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں گذشتہ شب پاکستان پہنچا تھا اور امریکی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔


امریکہ نے 344 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی منجمد کر دی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے ایران سے روابط کی وجہ سے 344 ملین ڈالر کے کرپٹو کرنسی اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔

امریکہ وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن جنگ کی وجہ سے توانائی کی فراہمی میں خلل کے درمیان تہران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔


نیتن یاہو کا حزب اللہ پر تاریخی معاہدہ ’سبوتاژ‘ کا الزام

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے حزب اللہ پر لبنان کے ساتھ ’تاریخی‘ امن معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو ’سبوتاژ‘ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا۔


ہرمز ’فوری طور پر کھولنا ضروری ہے‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی کونسل کے صدر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ’بغیر کسی پابندی اور بغیر ٹولنگ کے‘ فوری طور پر دوبارہ کھولنا ضروری ہے، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے لبنان اور شام کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا۔


مشرق وسطیٰ میں 200 سے زیادہ جنگی طیارے، 15 ہزار فوجی 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے بتایا ہے کہ 2003 کی عراق جنگ چھیڑنے کے بعد پہلی بار اب مشرق وسطیٰ میں تین طیارہ بردار بحری جہاز موجود ہیں۔

یو ایس سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر کہا ہے کہ تین بیٹل گروپس میں ’200 سے زیادہ طیارے اور 15,000 بحری اہلکار اور میرینز‘ شامل ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا