پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ویزہ درخواست کے عمل کے دوران فراہم کی گئی معلومات کی تحقیقات کے بعد کی گئی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر نے ویزہ درخواست میں مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات دیں اور اہم حقائق چھپائے۔
پی سی بی کے مطابق معاملے کی تحقیقات اور سماعت کے بعد حمزہ نذر کو خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا گیا، جس کے نتیجے میں ان پر دو سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حمزہ نذر کا کرکٹ کیریئر
31 سالہ حمزہ نذر کا تعلق پھالیہ سے ہے اور وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ جبکہ آف سپن بولنگ کرتے ہیں۔ وہ ماضی میں منڈی بہاؤالدین، لاہور ریجن بلوز، پاکستان ریلویز، نیشنل بینک آف پاکستان انڈر 19، خان ریسرچ لیبارٹریز اور سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
حمزہ نذر نے پاکستان کی سینیئر قومی ٹیم کے لیے ابھی تک کوئی ٹیسٹ، ون ڈے یا ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ان کا کرکٹ کیریئر بنیادی طور پر ڈومیسٹک سطح تک محدود رہا ہے۔
تاہم 26-2025کی پریذیڈنٹس ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے کھیلتے ہوئے حمزہ نذر نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
انہوں نے 6 میچز کی 10 اننگز میں 385 رنز بنائے، ان کی اوسط 42.78 رہی جبکہ ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور 175 رنز تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کے نام ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بھی رہی۔
اسی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں حمزہ نذر نے غنی گلاس کلب کے خلاف 80 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی۔