کنٹینرز کی تلوار کب ہٹے گی؟

پی ٹی آئی کا احتجاج تو مؤخر ہوگیا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کنٹینرز کب ہٹیں گے؟

پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل 18 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کے ریڈ زون کے ارد گرد رکھے گئے کنٹینر (اے ایف پی)

گذشتہ روز تک سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال شاید یہی تھا: پی ٹی آئی اسلام آباد آ رہی ہے یا نہیں؟

کبھی کہا جا رہا تھا احتجاج ہر صورت ہو گا، پھر اچانک اطلاعات سامنے آئیں کہ مارچ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ جمعے کو بالآخر پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی طرف 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کرکے 4 اکتوبر کو پشاور سے مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تاریخ بدلنے سے بے چینی بھی ختم ہوگئی؟ شاید نہیں۔

احتجاج تو ابھی شروع ہوا نہیں، مگر اس کے اثرات پہلے ہی سڑکوں، بازاروں، دفاتر، کاروبار اور عام شہریوں کی زندگیوں میں دکھائی دینے لگے۔

اسلام آباد کی سڑکوں خاص طور پر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کے کنارے کنٹینرز کھڑے ہیں۔ بعض اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں ہیں۔ اسلام آباد سے پشاور موٹر وے بند ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں رہنے والوں کو گھر سے نکلتے ہی ذہن میں کہیں نہ کہیں راستے بند ہونے کا خدشہ ضرور ہوتا ہے اور یہ سوچنا پڑتا ہے کہ کون سا راستہ کھلا ہے اور کون سا بند۔

حکومت نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر سکیورٹی انتظامات کیے تھے جبکہ دارالحکومت میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔

اب احتجاج مؤخر ہوگیا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کنٹینرز کب ہٹیں گے؟ راستے کب معمول پر آئیں گے؟ اور شہری کب سکون سے اپنی روزمرہ زندگی کی طرف واپس جائیں گے؟ یہ سوال صرف اسلام آباد کا نہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

ایک احتجاج، ایک سیاسی اعلان یا ایک ممکنہ مارچ جب کئی دن پہلے سے پورے شہر کی سرگرمیوں کو متاثر کرنا شروع کردے تو اس کا بوجھ صرف سیاست دانوں یا سیاسی کارکنوں پر نہیں پڑتا۔

اس کا اثر اس طالب علم پر بھی ہوتا ہے جسے یونیورسٹی پہنچنا ہے، اس ملازم پر بھی جو روز دفتر جاتا ہے، اس دکاندار پر بھی جو گاہکوں کا انتظار کرتا ہے اور اس مریض پر بھی جسے ہسپتال پہنچنا ہے۔

سب سے مشکل صورت حال وہ ہوتی ہے جب نہ احتجاج مکمل طور پر شروع ہو، نہ مکمل طور پر ختم ہو۔

لوگ انتظار میں رہتے ہیں۔

پی ٹی آئی آئے گی؟ نہیں آئے گی؟

راستے بند ہوں گے؟ کھلیں گے؟

دفتر جانا ہے یا گھر سے کام کرنا ہے؟

بچوں کو سکول بھیجنا ہے یا نہیں؟

یہ غیر یقینی کیفیت معمولات کو خاموشی سے کھا جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار اصل احتجاج سے پہلے ہی شہر ایک طرح کی سیاسی و نفسیاتی کیفیت میں داخل ہوچکا ہے۔ ہر اعلان کے ساتھ افواہیں جنم لیتی ہیں، ہر خبر کے ساتھ ایک نئی بحث شروع ہوجاتی ہے اور سوشل میڈیا پر ہر چند گھنٹے بعد صورت حال بدلتی محسوس ہوتی ہے۔

عام آدمی صرف یہ جاننا چاہتا ہے کہ کل اسے گھر سے دفتر تک کیسے پہنچنا ہے۔

احتجاج مؤخر ہونے کے بعد ان انتظامات کی مدت بڑھنے سے سرکاری اخراجات میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہاں ایک بنیادی سوال ضرور پیدا ہوتا ہے: سیاسی احتجاج جمہوری عمل کا حصہ ہوسکتا ہے، لیکن کیا سیاسی سرگرمیوں کا بوجھ عام شہری کی روزمرہ زندگی پر اس حد تک پڑنا چاہیے کہ شہر مسلسل غیر یقینی کا شکار رہے؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سوال کا جواب سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر سوچنے کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے سیاسی مطالبات کے لیے احتجاج کا حق استعمال کر رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت امن و امان برقرار رکھنے اور دارالحکومت کو ممکنہ ہنگامہ آرائی سے محفوظ رکھنے کے لیے سکیورٹی اقدامات کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی کشیدگی کم کرنے اور پرامن اجتماع کے حق کے تحفظ پر زور دیا ہے۔

مگر ان سب کے درمیان ایک تیسرا فریق بھی ہے اور وہ ہے عام شہری۔ وہ نہ کنٹینر لگاتا ہے، نہ احتجاج کی تاریخ طے کرتا ہے، نہ سکیورٹی پلان بناتا ہے۔ وہ صرف اپنی زندگی گزارنا چاہتا ہے۔

اسے صبح وقت پر دفتر پہنچنا ہے۔ اسے شام کو گھر واپس آنا ہے۔ اسے کاروبار کرنا ہے۔ اسے بچوں کو سکول لے جانا ہے۔ اسے مریض کو ہسپتال پہنچانا ہے اور شاید اسی لیے آج اسلام آباد کا سب سے بڑا سوال صرف یہ نہیں کہ پی ٹی آئی آ رہی ہے یا نہیں؟

اصل سوال یہ ہے یہ بے یقینی کب ختم ہوگی؟ کیونکہ احتجاج ایک دن کا ہوسکتا ہے، سیاسی اعلان چند منٹ کا ہوسکتا ہے، پریس کانفرنس ایک گھنٹے کی ہوسکتی ہے، لیکن اگر اس کے سائے کئی دن تک لوگوں کے معمولات پر پڑے رہیں تو اس کی قیمت پورا شہر ادا کرتا ہے۔

چار اکتوبر اب نئی تاریخ ہے، مگر اس تاریخ تک شاید سب سے بڑی ضرورت کسی نئی افواہ، نئے اعلان یا نئی رکاوٹ کی نہیں بلکہ واضح صورت حال کی ہے۔

لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ احتجاج ہوگا یا نہیں۔

راستے کب کھلیں گے۔

شہر کب معمول پر آئے گا۔

اور سب سے بڑھ کر عام آدمی کب اپنی عام زندگی دوبارہ شروع کر سکے گا؟

نوٹ: یہ تحریر بلاگر کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ