بچی ہوئی رقم اکثر ٹیک اوے کافی، اوبر اور روزمرہ زندگی کے دیگر چھوٹے موٹے اخراجات میں غائب ہو جاتی ہے۔ لیکن بل ادا کرنے کے بعد اگر کچھ روپے بچ جائیں تو کیا انہیں زیادہ بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے؟
سکاٹش وڈوز نے اپنے تازہ ترین ’انویسٹمنٹ پلس‘ میں اسی سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ ایک سہ ماہی سروے ہے جس میں دیکھا جاتا ہے کہ لوگ کتنی سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور مستقبل کے لیے ان کے کیا منصوبے ہیں۔ 2,002 افراد پر مشتمل اس سروے کے نتائج اضافی رقم کے استعمال کے حوالے سے کچھ نمایاں رجحانات کی نشان دہی کرتے ہیں۔
جب لوگوں سے پوچھا گیا کہ اگر ان کے پاس اضافی 50 پاونڈز (تقریبا 18 ہزار روپے) ہوں تو وہ ان کا کیا کریں گے، تو ایک تہائی جواب دہندگان یعنی 33 فیصد نے کہا کہ وہ یہ رقم نقد بچت میں رکھیں گے۔ ہر چار میں سے ایک یعنی 25 فیصد نے کہا کہ وہ اسے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کریں گے، جبکہ 21 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اسے اپنے کرنٹ اکاؤنٹ میں ہی پڑا رہنے دیں گے۔
چھوٹی سی غیر متوقع اضافی رقم کے استعمال کے معاملے میں عمر کا واضح اثر سامنے آیا، اور کم عمر افراد نسبتاً معمولی رقم بھی سرمایہ کاری میں لگانے کے لیے زیادہ تیار نظر آئے۔ 18 سے 24 سال عمر کے افراد میں 29 فیصد نے کہا کہ وہ اضافی 50 پاونڈز (تقریبا 18 ہزار روپے) کی سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ 61 سے 65 سال کی عمر کے افراد میں یہ شرح صرف 11 فیصد تھی۔
زیادہ اضافی رقم ہونے کی صورت میں سرمایہ کاری کا رجحان بھی بڑھ گیا۔ سروے میں شامل 33 فیصد افراد نے کہا کہ وہ 250 پاونڈز (90,648 روپے) کی سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ 500 پاونڈز (181,300 روپے) کی اضافی رقم کی صورت میں سرمایہ کاری کا انتخاب کرنے والوں کی شرح بڑھ کر 36 فیصد ہو گئی۔
انفرادی طور پر دیکھی جائیں تو چھوٹی رقوم شاید زیادہ اہم نہ لگیں، لیکن لوگ روزمرہ میں اپنی رقم کے بارے میں جو فیصلے کرتے ہیں، وہ وقت کے ساتھ مل کر خاصا بڑا اثر ڈال سکتے ہیں۔ تو ہر مہینے بچ جانے والی رقم کو زیادہ بہتر طریقے سے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
سکاٹش وڈوز کی سرمایہ کاری کی ماہر لارین گریڈیز نے اضافی رقم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی اہم تجاویز پیش کیں اور بتایا کہ معمولی مگر باقاعدہ سرمایہ کاری بھی ہمارے مالی مستقبل میں بامعنی فرق کیسے پیدا کر سکتی ہے۔
قرضوں سے پہلے جان چھڑائیں
ان کا پہلا مشورہ یہ تھا کہ بچ جانے والی رقم کو سب سے پہلے بنیادی مالی معاملات درست کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ گریڈیز نے کہا: ’سرمایہ کاری شروع کرنے سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ آپ نے تمام مہنگے قرضے ادا کر دیے ہیں۔‘
انہوں نے کہا: ’قرضے ختم ہونے کے بعد میں یہ تجویز دوں گی کہ بچی ہوئی رقم میں سے کچھ ہنگامی فنڈ میں رکھی جائے۔ ہنگامی حالات کے لیے تقریباً تین سے چھ ماہ کے اخراجات کے برابر رقم بچا کر رکھنا اچھا ہوتا ہے۔‘ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ محفوظ رقم اس وقت کام آ سکتی ہے جب اچانک کوئی غیر متوقع خرچہ سامنے آ جائے، مثال کے طور پر اگر آپ کی گاڑی خراب ہو جائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گریڈیز نے کہا: ’ایسے موقع پر سرمایہ کاری بیچ کر نقد رقم حاصل کرنے کی بجائے اس نقد فنڈ سے رقم استعمال کرنا بہتر ہے۔‘ ان کے مطابق ہنگامی فنڈ ایسی جگہ رکھنا چاہیے جہاں سے اسے آسانی سے نکالا جا سکے، تاکہ حقیقی ضرورت کے وقت فوری طور پر رقم حاصل کی جا سکے۔
اپنے اہداف کے بارے میں سوچیں
اضافی رقم اس وقت شاید معمولی دکھائی دے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ گریڈیز نے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے واضح قلیل مدتی اور طویل مدتی مالی اہداف طے کرنے کی سفارش کی۔
انہوں نے وضاحت کی: ’مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، اس لیے اگر آپ اپنی قلیل مدتی ضروریات کے لیے سرمایہ کاری پر انحصار کر رہے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو ایسے وقت میں سرمایہ کاری فروخت کرنا پڑے جب مارکیٹ نچلی سطح پر ہو۔‘
’اس لیے بچت آپ کے قلیل مدتی اہداف کے لیے بہترین ہے، جبکہ سرمایہ کاری طویل مدتی اہداف کے لیے اچھی ہے۔‘ چونکہ سرمایہ کاری کو بڑھنے میں وقت لگ سکتا ہے، اس لیے گریڈیز نے ایسے اہداف پر غور کرنے کی سفارش کی جو کم از کم پانچ سال دور ہوں۔
انہوں نے تجویز دی: ’مثال کے طور پر آپ اس رقم کو گھر کی پیشگی ادائیگی، زندگی کے کسی یادگار سفر یا ریٹائرمنٹ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔‘
نقد رقم کو کرنٹ اکاؤنٹ میں پڑا نہ رہنے دیں
گریڈیز نے کہا: ’تحقیق سے معلوم ہوا کہ 21 فیصد لوگ اضافی 50 پاونڈز اپنے کرنٹ اکاؤنٹ میں ہی چھوڑ دیں گے، لیکن میرا خیال ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو یہ رقم تیزی سے غائب ہو جاتی ہے اور ٹیک اوے یا کافی جیسی چیزوں پر خرچ ہو جاتی ہے۔‘
چھوٹی رقوم سے سرمایہ کاری شروع کریں
گریڈیز نے کہا: ’چھوٹی رقوم کی باقاعدہ سرمایہ کاری وقت کے ساتھ بڑھ سکتی ہے، لیکن اس سے لوگوں کو کم رقم کے ساتھ مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا تجربہ کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔‘
’جیسے جیسے آپ بتدریج اپنا سرمایہ کاری پورٹ فولیو بناتے جاتے ہیں، اسی کے ساتھ آپ کا اعتماد بھی بڑھتا جاتا ہے۔
’طویل عرصے تک باقاعدگی سے چھوٹی رقوم کی سرمایہ کاری کی عادت اپنانے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ ’پاؤنڈ کاسٹ ایوریجنگ‘ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس طرح آپ کو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے درست وقت کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں رہتی۔‘
یاد رکھیں کہ سرمایہ کاری میں تنوع بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
سرمایہ کاری کے عملی طریقہ کار کے بارے میں گریڈیز نے وضاحت کی کہ چھوٹی رقوم کے معاملے میں بھی سرمایہ کاری میں تنوع بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا: ’اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کسی ایسی جگہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں جہاں مناسب تنوع موجود ہو۔ تنوع کا مطلب صرف یہ ہے کہ آپ اپنے تمام انڈے ایک ہی ٹوکری میں نہ رکھیں، یعنی ایک ہی کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے متعدد کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں۔
’ایسا کرنے کا سب سے آسان طریقہ کسی تیار شدہ یا عالمی فنڈ کے ذریعے سرمایہ کاری کرنا ہے، جو آپ کی رقم کو مختلف قسم کی سرمایہ کاریوں میں تقسیم کرتا ہے۔‘ انہوں نے وضاحت کی کہ سرمایہ کاری کو مختلف جگہوں پر تقسیم کرنے سے مارکیٹ میں گراوٹ کے اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
گریڈیز نے کہا: ’جب آپ اپنی رقم کو متعدد مختلف سرمایہ کاریوں میں تقسیم کرتے ہیں تو اگر ان میں سے کوئی ایک اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہی ہوتی تو امکان ہوتا ہے کہ دوسری سرمایہ کاریاں اس نقصان کے اثر کو کم کر دیں۔‘
انہوں نے مشورہ دیا: ’میں اس عمل کو خودکار بنانے کی سفارش کروں گی، تاکہ تنخواہ ملنے کے دن ہی پچاس پاونڈ براہ راست آپ کی سرمایہ کاری میں چلے جائیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک بار جب آپ یہ نظام قائم کر لیں تو پھر آپ کو اس کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ رقم وقت کے ساتھ بتدریج بڑھتی رہے گی۔‘
ماہانہ سرمایہ کاری کی ادائیگیاں خودکار بنائیں
سروے اور گریڈیز دونوں کا پیغام یہ ہی ہے کہ اضافی رقم اگر واضح مالی ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے تھوڑی تھوڑی مگر باقاعدگی سے سرمایہ کاری میں لگائی جائے تو وہ کرنٹ اکاؤنٹ میں پڑی رہنے اور رفتہ رفتہ خرچ ہو جانے والی رقم کے مقابلے میں کہیں زیادہ فائدہ دے سکتی ہے۔
© The Independent