ایک سال سزا پانے والا قیدی 12 برس تک جیل میں کیسے رہا؟

 ضلع کرم کے رہائشی امین حسین کو 2014 میں منشیات کے مقدمے میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن سرکاری خط و کتابت، فنڈز کی عدم دستیابی اور افسران کی غفلت نے انہیں زندگی کی ایک دہائی سے زائد عرصہ سلاخوں کے پیچھے گزارنے پر مجبور کر دیا۔

کراچی کی ایک عدالت سے منشیات کے مقدمے میں محض ایک سال قید کی سزا پانے والے ضلع کرم کے رہائشی امین حسین کو سزا مکمل ہونے کے بعد بھی 10 سال سے زائد عرصہ غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا، جس پر پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت اور ذمہ دار افسران کو متاثرہ شہری کو ایک کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

2014 میں 50 سال کی عمر میں گرفتار ہونے والے امین حسین کی ایک سالہ سزا مئی 2016 میں مکمل ہو گئی تھی، تاہم آبائی ضلع کرم میں درج ایک پرانے مقدمے میں منتقلی کے لیے سرکاری دفاتر کے درمیان چلنے والی لاحاصل خط و کتابت اور فنڈز کی عدم دستیابی کے بہانے انہیں مئی 2026 تک قید رکھا گیا۔

رہائی کے وقت ان کی عمر 60 برس ہو چکی تھی۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی جانب سے 26 نومبر کو جاری کردہ 21 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں اس سرکاری غفلت کی تمام کڑیاں سامنے لائی گئی ہیں جس نے ایک قیدی کی زندگی کے قیمتی سال ضائع کیے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

عدالتی دستاویزات کے مطابق امین حسین ضلع کرم میں سابقہ فاٹا کرائمز ریگولیشن کے تحت والد کے مبینہ قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔

دسمبر 2014 میں کرم کے پولیٹیکل ایجنٹ نے کمشنر کوہاٹ کو ملزم کی منتقلی کے لیے خط لکھا، جبکہ جنوری 2017 میں ایس پی کراچی نے بھی خیبر پختونخوا حکام کو پولیس نفری بھیج کر ملزم کو منتقل کرنے کا کہا۔

مارچ 2017 میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود منتقلی نہ ہو سکی اور تعینات لیوی پارٹی نے عذر پیش کیا کہ ان کے پاس ملزم کو کرم لے جانے کے لیے فنڈز موجود نہیں ہیں۔

 2018 میں قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہوا اور 2018 سے 2025 تک یہ درخواست ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم، ضلعی پولیس سربراہ اور پبلک پراسیکیوٹر کے دفاتر کے درمیان گھومتی رہی۔

حتیٰ کہ جون 2019 میں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے طلب کی گئی رپورٹ بھی محکمہ جیل خانہ جات خیبر پختونخوا نے جمع نہیں کرائی۔

طویل قید کے دوران امین حسین شدید ذہنی اذیت کا شکار رہے، تاہم جیل میں ایک شخص کے مشورے پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھنے سے ان کی رہائی کی راہ ہموار ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور ہائی کورٹ کی مداخلت پر مئی 2026 میں خیبر پختونخوا پولیس نے منتقلی کی درخواست بھیجی، جس کے اگلے ہی ہفتے انہیں بذریعہ جہاز کرم منتقل کیا گیا اور وہ 10 روز کے اندر ضمانت پر رہا ہو گئے۔

امین حسین نے ’انڈپینڈنٹ اُردو‘ کو جیل میں گزرے مشکل ایام کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا، ’جیل میں بہت سختیاں اور تکلیفیں برداشت کیں کیونکہ مجھے کوئی امید نہیں تھی کہ مزید کتنا عرصہ گزارنے کے بعد رہا ہو پاؤں گا۔

’ایک وقت میں خودکشی کا ارادہ کیا تھا لیکن پھر سوچا اللہ ناراض ہو جائے گا اور بس اللہ سے صبر کی دعا کرتا رہا۔‘

پشاور ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ کوئی بھی شخص ملزم کے غیر قانونی قید میں گزارے گئے 10 سال واپس نہیں کر سکتا جو ان کی محنت اور کمائی کے سال تھے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایک کروڑ روپے ہرجانے کی نصف رقم صوبائی حکومت اور نصف غفلت کے مرتکب افسران 60 روز کے اندر بذریعہ کراس چیک ادا کریں، جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس 15 روز میں ذمہ داروں کی شناخت اور غائب فائل برآمد کریں۔

60 سال کی عمر میں رہا ہونے والے امین حسین کی والدہ کا انتقال ہو چکا ہے اور اب ان کے پاس نہ اپنا گھر ہے اور نہ ہی کوئی روزگار، جس کے باعث وہ کبھی ایک بہن اور کبھی دوسری بہن کے گھر رہنے پر مجبور ہیں۔

اپنی موجودہ حالتِ زار پر بات کرتے ہوئے امین حسین نے ہرجانے کی جلد ادائیگی کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر چیف جسٹس کی جانب سے اعلان کردہ رقم مجھے جلد از جلد مل جائے تو میں اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزار سکوں گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان