پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر ذیشان علی نے ہفتے کو چین کے خلائی سٹیشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ براہ راست گفتگو کے دوران نوجوان پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں اور خلائی تحقیق کو بطور پیشہ اختیار کریں۔
ذیشان علی چین کے شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچے۔ وہ زمین کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور بیجنگ کے ساتھ سائنسی و تکنیکی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والی اس گفتگو کے دوران ذیشان علی نے کہا ’میں اس ملک کے نوجوانوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ تعلیم کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر توجہ دیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مجھے امید ہے کہ خلا بازوں، انجینیئروں اور سائنس دانوں کی اگلی نسل انسانیت کی بہتری کے لیے خلا میں اس سے بھی زیادہ دور تک جائے گی اور مزید تحقیق کرے گی۔‘
پاکستان ایئر فورس کے 40 سالہ پائلٹ بدھ کو چینی خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے تھے۔
توقع ہے وہ وہاں پانچ سے 10 روز تک پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے قیام کریں گے اور سائنسی تجربات کریں گے۔
ان کا یہ خلائی سفر فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی و بالائی فضا کے تحقیقی ادارے (سپارکو) اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد ممکن ہوا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو انسان بردار خلائی مشنز کے لیے تربیت دی جانی تھی۔
ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ کی تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان کی خصوصی اور سخت تربیت بھی شامل تھی۔
پاکستان کا چین کے ساتھ خلائی تعاون 1990 کی دہائی کے اوائل سے جاری ہے اور اس دوران سیٹلائٹ کی لانچنگ سے لے کر انسان بردار خلائی پروازوں تک وسعت اختیار کر چکا ہے۔
پاکستان ایک قمری روور بھی تیار کر رہا ہے، جسے 2028 میں متوقع طور پر چین کے ایک خلائی مشن پر بھیجا جائے گا۔
اسلام آباد میں سپارکو کے ہیڈکوارٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کو مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی کامیابی نے نوجوان پاکستانیوں کی ایک نسل کو بلند عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا ’آپ کی کامیابی نے اس نسل میں نئے عزم اور حوصلے کو جنم دیا ہے جو حدود سے آگے بڑھنے، نئی دنیاؤں کی کھوج لگانے اور اپنے ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی خواہش رکھتی ہے۔‘
زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی پر موجود ذیشان نے کہا کہ ان کا مشن طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہے اور وہ اپنی سائنسی تحقیق میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا ’یہاں سب کچھ بہت اچھا اور منصوبے کے مطابق چل رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور سائنسی تحقیق کا کام پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔‘
اس براہ راست گفتگو میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقعے پر اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کو اجاگر کیا گیا جب کہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ’یہ تاریخی مشن ایسے وقت میں مکمل ہو رہا ہے جب ہمارے دونوں عظیم ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس دیرینہ دوستی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر موقع اور کیا ہو سکتا ہے؟‘
انہوں نے مشن میں پاکستان کی شرکت ممکن بنانے پر چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ذیشان کی کامیابی پورے ملک اور مسلح افواج کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا ’ہمیں آپ پر اور اپنی مسلح افواج پر واقعی فخر ہے کہ ہم میں سے ایک خلا میں گیا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’چین کے خلائی سٹیشن پر آپ کی موجودگی ہماری آزمودہ اور دیرینہ تزویراتی شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔‘