کراچی: بلوچ کالونی میں عمارت گرنے سے اموات کی تعداد سات ہو گئی، 12 افراد تاحال لاپتہ

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام احتیاط سے کیا جا رہا ہے اور تلاش کے لیے جدید آلات بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں کراچی ایڈمنسٹریشن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (کے ای سی ایچ ایس) بلاک چار میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے سے اموات کی تعداد سات ہو گئی اور 14 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جمعے کو ملبے سے مزید لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد حادثے میں جان سے جانے والوں کی تعداد سات ہو گئی۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق بدھ کو کراچی میں ایک زیرِ تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے متعدد جان سے گئے، جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ریسکیو 1122 ایمرجنسی افسر صابر حسین نے بتایا کہ اب تک ملبے سے سات لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے، جبکہ 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

حادثے میں زخمی ہونے والے 14 افراد کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق ملبے سے نکالی گئی لاشوں میں 35 سالہ نجیب، 35 سالہ عابد، 17 سالا علی حسن، 40 سالہ نجیب اللہ و دیگر شامل ہیں۔

اس سے قبل ملبے سے نکالی گئی لاشوں کی شناخت 42 سالہ فرحان، 22 سالہ نوید اور 17 سالہ محمد ارسلان کے نام سے ہوئی تھی۔

ان کے مطابق ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط سے کیا جا رہا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ ملبے تلے مزید افراد موجود ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تلاش کے عمل میں جدید آلات بھی استعمال کیے جا رہے ہیں اور آپریشن اس وقت تک جاری رہ سکتا ہے جب تک تمام ملبہ ہٹا کر لاپتہ افراد کی تلاش مکمل نہیں کر لی جاتی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریسکیو حکام کے مطابق دو روز قبل بدھ کو تقریباً دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر بدھ کو عمارت منہدم ہونے کی اطلاع ملی تھی جو کہ زیرِ تعمیر تھی۔

اسے گراؤنڈ پلس چھ منزلہ تعمیر کیا جا رہا تھا اور حادثے کے وقت عمارت میں مزدور کام کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر واقعے میں مبینہ غفلت کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو عہدوں سے ہٹانے کی کارروائی کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ایس بی سی اے کے 16 افسران کی معطلی اور واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔

ریسکیو ٹیمیں تاحال منہدم عمارت کے ملبے میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

پاکستان میں عمارتیں گرنے کے واقعات عام ہیں، جہاں تعمیراتی معیارات پر عمل درآمد اکثر ناقص رہتا ہے اور بلڈرز لاگت بچانے کے لیے غیر معیاری سامان استعمال کرتے ہیں یا حفاظتی ضوابط کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل پھیلا ہوا میٹروپولیٹن شہر کراچی ناقص تعمیرات، عمارتوں میں غیر قانونی اضافے، خستہ حال بنیادی ڈھانچے، گنجان آبادی اور بلڈنگ کوڈز پر کمزور عمل درآمد جیسے مسائل سے دوچار ہے۔

فروری میں اس میگا سٹی میں گیس دھماکے کے باعث ایک عمارت گرنے سے 16 افراد جان سے گئے تھے، جبکہ گذشتہ سال جولائی میں کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری میں ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 27 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان