کراچی کی رہائشی عمارت میں گیس بھرنے سے دھماکہ، بچوں سمیت 14 اموات: ریسکیو حکام

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق، گیس پریشر مشین کے استعمال سے دھماکہ ہوا اور تین منزلہ عمارت کی چھت گر گئی۔

کراچی کے علاقے سولجر بازار  کی گل رانا کالونی میں رہائشی عمارت میں جمعرات کی صبح 5 بجے گیس پریشر مشین کے استعمال کی  وجہ سے دھماکہ ہوا جس میں ریسکیو 1122 کے مطابق 14 اموات ہوئیں جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ عمارت کی چھت گر گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس کہ وجہ ’گیس پریشر مشین ہے جو غیر قانونی طور سے اطراف کی لائنوں سے گیس کا پریشر کھینچتی ہے اس دوران 30 گز پر قائم تین منزلہ عمارت میں دھماکہ ہوا جس کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حسان خان نے بتایا کہ ’اب تک ملبے سے 14 لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔ مرنے والوں میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔‘

حسان خان کا مزید بتانا تھا کہ ’ابتدائی طور پر دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا تھا جس کی مزید تحقیات بھی جاری ہیں تاہم گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کے کام میں رکاوٹ کا بھی سامنا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے خصوصی آلات استعمال بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ ملبے تلے ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکہ سحری کے وقت گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گراونڈ پلس دو منزلوں پر چھوٹے کمرہ بنے ہوئے تھے اور

جگہ بہت کم ہونے سے آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ’یہ لیگل عمارت نہیں یہ ایک کمرہ کی عمارت ہے اور اس کے گرنے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان ہوا۔‘

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کا سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث عمارت میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملبے تلے دبے افراد کو فوری نکالنے کی ہدایت ہے اور کمشنر کراچی سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کریں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان