وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان منگل کو ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ماہِ مقدس رمضان المبارک کی بابرکت آمد پر ایک دوسرے کو دلی مبارک باد دی اور امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سکون کے لیے دعائیں کیں۔
بیان کے مطابق: ’وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ اور دنیا کے دیگر حصوں میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی سرپرستی میں قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کو نہایت خوشگوار اور دوستانہ قرار دیا۔
پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور اسلام آباد مختلف مواقعوں پر قطر کی جانب سے کی گئی ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہتا ہے۔
گذشتہ برس افغانستان کے ساتھ ہونے والی سرحدی جھڑپوں کے بعد بھی قطر اور ترکی نے اسلام آباد اور کابل کے درمیان فائربندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔