وزیرِاعظم کی امیر قطر سے دوحہ میں ملاقات، اسرائیلی حملے کی مذمت

وزیرِاعظم نے قطر کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی اور دیرینہ ہیں جو آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 15 ستمبر 2025 کو دوحہ قطر میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی (پی ایم ہاؤس)

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہنگامی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیرِاعظم نے دوحہ کے رہائشی علاقے پر نو ستمبر کو اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور کئی افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کارروائی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قانون کی سنگین پامالی ہے۔

وزیرِاعظم نے قطر کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی اور دیرینہ ہیں جو آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے اور بار بار کی اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے قطر کی جانب سے ہنگامی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔

وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش کی ہے تاکہ مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر بات ہو سکے۔

امیرِ قطر نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی اجلاس میں شرکت اور 12 ستمبر کو اظہارِ یکجہتی کے لیے دوحہ کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتِ حال کے پیشِ نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

دوحہ میں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوحہ میں ایمرجنسی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے نو ستمبر کو قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قطر کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسرائیلی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔

صدر پزشکیان نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مضبوط مؤقف کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان