قطر پر اسرائیلی حملہ: شہباز شریف دوحہ میں عرب اسلامک اجلاس میں شریک ہوں گے

عرب اسلامی سربراہ اجلاس نو ستمبر کو قطر پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد بلایا گیا ہے، جس میں کم از کم چھ افراد جان سے گئے۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی 11 ستمبر 2025 کو دوحہ میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کر رہے ہیں (قطر امیری دیوان / اے ایف پی)

پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیر کو دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 یہ اجلاس نو ستمبر کو قطر پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد بلایا گیا ہے۔

اسرائیل نے دوحہ کے ایک رہائشی علاقے پر حملہ کر کے حماس کے ان رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو امریکہ کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ جنگ بندی منصوبے پر بات چیت میں مصروف تھے۔ اس حملے میں میں کم از کم چھ افراد جان سے گئے۔

 قطر، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں سے متعلق مذاکرات میں اہم ثالث ہے اور اس عمل کے حصے کے طور پر فلسطینی تنظیم کے سیاسی بیورو میزبانی کرتا رہا ہے۔

پاکستان نے اس حملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف قطر کی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لیے 11 ستمبر کو دوحہ بھی گئے۔

دوسری جانب پاکستان کے اقوام متحدہ مشن نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے ہفتے کو اپنے بیان میں کہا کہ ’وزیراعظم محمد شہباز شریف 15 ستمبر 2025 کو دوحہ میں منعقد ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کا دورہ کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق: ’پاکستان کی مشترکہ میزبانی میں یہ اجلاس غزہ پر قبضے، مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کی کوششوں اسرائیلی کوششوں کے بعد اسرائیل کے دوحہ پر فضائی حملوں اور فلسطین میں بگڑتی ہوئی صورت حال کے تناظر میں بلایا گیا ہے۔‘

اجلاس سے قبل اس کی تیاری کے لیے اتوار کو وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو گا، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق توقع ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنما اور اعلیٰ حکام بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ’ریاست قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور قطر اور دوسرے علاقائی ممالک کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔‘ 

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہباز شریف کا دورہ ’قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے عزم‘ کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان نے بارہا اسرائیل کے غزہ میں حملوں کی مذمت کی، جن میں اکتوبر 2023 سے اب تک تقریباً 65 ہزار افراد کی جان جا چکی ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور اور بچے ہیں۔

پاکستان نے فوری جنگ بندی اور جنگی جرائم پر اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان