تحریک انصاف کا آج ملک گیر شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ شہری دن بھر اپنے گھروں میں رہیں اور مغرب کی نماز میں دعا کے بعد موبائل کی لائٹ یا دستی مشعل لے کر اپنے اپنے علاقوں میں پر امن ریلیوں میں شامل ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی 5 اگست 2025 کو کراچی میں جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کے دوران مارچ کر رہے ہیں (آصف حسن / اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج اتوار کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پارٹی کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آٹھ فروری کو ملک بھر میں پر امن شٹر ڈاؤن اور پر امن پہیہ جام کی کال دی اور پی ٹی نے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آٹھ فروری کو دکانیں، کاروبار، بازار اور ٹرانسپورٹ سمیت ہر چیز بند رہے گی۔‘

تحریک انصاف کے مطابق آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی کر کے اسے شکست سے دوچار کیا گیا اور عوام کی جانب سے اسے دیا گیا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ یہ دن ’یوم سیاہ‘ ہے کیوں کہ ’آٹھ فروری 2024 کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا تھا، وہ چوری ہوئے دو سال مکمل ہو رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان ذاتی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ وہ سب کے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ہڑتال میں شہریوں کی پرامن شرکت ضروری ہے۔

شیخ وقاص نے کہا کہ شہری دن بھر اپنے گھروں میں رہیں اور مغرب کی نماز اپنی قریبی مساجد میں با جماعت ادا کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مغرب کی نماز کے بعد حکومت کے خاتمے اور عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی آزادی کی دعا کی جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مغرب کی نماز میں دعا کے بعد لوگ موبائل کی لائٹ یا دستی مشعل لے کر اپنے اپنے علاقوں میں پر امن ریلیوں میں شامل ہوں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست