زلمی کا رحمان اللہ گرباز کی شمولیت کا دفاع، افغان کرکٹر کا عدم دستیابی کا اعلان

پشاور زلمی کے مطابق افغان کرکٹر کو اس وقت سائن کیا گیا جب انہیں پاکستان اور افغان کرکٹ بورڈز کا این او سی مل چکا تھا، دوسری جانب رحمان اللہ گرباز نے پی ایس ایل کے لیے عدم دستیابی کا اعلان کیا ہے۔

پشاور زلمی نے افغان کھلاڑی رحمان اللہ گرباز کو آئندہ پی ایس ایل کے لیے ٹیم میں شامل کیا تھا، تاہم انہوں نے اپنی عدم دستیابی کا اعلان کیا ہے (پشاور زلمی)

ایک طرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کی ٹیم میں شمولیت پر ہونے والی تنقید کے باعث فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اتوار کو کہا ہے کہ یہ فیصلہ قواعد اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ہدایات کے مطابق کیا گیا، وہیں رحمان اللہ گرباز نے ’ذاتی مصروفیات‘ کے باعث عدم دستیابی کا اعلان کر دیا ہے۔

چند روز قبل افغان وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللہ گرباز کو سکواڈ میں شامل کرنے کے اعلان پر پشاور زلمی سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں رہا۔

ناقدین کا مؤقف تھا کہ رحمان اللہ گرباز ماضی میں پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف متنازع سرگرمیوں سے جڑے رہے ہیں اور میدان میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا رویہ سوالات کی زد میں رہا۔ 

اس تنقید کے بعد پشاور زلمی کی جانب سے اتوار کو جاری کیے گئے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ رحمان اللہ گرباز کی سائننگ اس وقت عمل میں لائی گئی جب انہیں پی سی بی اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کی جانب سے مکمل این او سی مل چکا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ انتخاب کے وقت وہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور زلمی نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ بنیادوں پر کیا گیا، جس میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور طے شدہ ضابطہ کار کو مدنظر رکھا گیا، جبکہ کسی غیر متعلقہ عنصر کو شامل نہیں کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پشاور زلمی گذشتہ ایک دہائی سے پاکستان سپر لیگ کی نمایاں فرنچائزز میں شامل ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں سب سے بڑی اور پُرجوش فین بیس کی حمایت کو اپنا سرمایہ سمجھتی ہے۔ 

’تمام فیصلے ایک طویل مدتی وژن کے تحت کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانا، ملک میں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنا اور لیگ کی مجموعی برانڈ ویلیو کو مضبوط بنانا ہے۔‘

پشاور زلمی کا کہنا ہے کہ ماضی میں مشکل حالات کے باوجود غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانا، ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کا انعقاد، کمیونٹی فلاح کے منصوبے اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داریاں اسی وژن کا حصہ رہی ہیں۔

فرنچائز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں کے مطابق کام کرتی رہے گی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور قابلِ فخر لیگ بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

پشاور زلمی نے اپنے شائقین کے اعتماد اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنچائز اپنی آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کرے گی۔

دوسری جانب ہفتے کو رحمان اللہ گرباز نے انسٹاگرام پر ایک پیغام میں پی ایس ایل کے لیے عدم دستیابی کا اعلان کیا۔

 

انہوں نے پشتو زبان میں پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا: ’(ٹی 20) ورلڈ کپ کے بعد میں اپنے شیڈول کے باعث اس سیزن (میں) پاکستان سپر لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گا۔‘

رحمان اللہ گرباز نے محبت اور حمایت پر فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا: ’میں افغانستان میں اپنی فاؤنڈیشن کے کام پر زیادہ توجہ مرکوز کروں گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ