سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں ہفتے کو پاکستان نے نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
کولمبو میں واقع سنہالی سپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور نیدرلینڈز نے 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے آخری اوور میں پورا کیا۔
فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ نے پاکستانی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے 11 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
صاحبزادہ فرحان نے 31 گنیدوں پر 47 اور صائم ایوب نے 13 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل نیدرلینڈز کی اننگز میں اس کی پہلی وکٹ 28 رن پر گری۔ میکس ڈووڈ پانچ رن بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے جب کہ نیدرلینڈز کی دوسری وکٹ 31 رن پر گری جب محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔
نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری، جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔
بعدازاں نیدرلینڈز کے بلے بازوں نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا سکور 105 تک پہنچا دیا جس کے بعد محمد نواز نے ان کی پارٹنرشپ کو بریک لگوا دیا اور قومی ٹیم نے چوتھی وکٹ حاصل کرلی۔
اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے نیدرلینڈز کے بلے بازوں کے کیچ پکڑنے کا سلسلہ جاری رہا اور اگلے چاروں بلے باز کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم میں آج کپتان سلمان علی آغا، فہیم اشرف، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، ابرار احمد، محمد نواز، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عثمان خان شامل تھے۔
ٹاس کے موقعے پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ’سری لنکا میں اتنی زیادہ گھاس میں نے پہلی بار دیکھی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہم تین فاسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ نیدرلینڈز ایک اچھی ٹیم ہے، لیکن ہم اپنے منصوبوں پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں۔‘
نیدرلینڈز کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں مضبوط حریفوں کو چونکا دینے کی ایک تاریخ رہی ہے، جس میں 2022 میں آسٹریلیا میں جنوبی افریقہ کو شکست دینا بھی شامل ہے، جس سے پاکستان کے سیمی فائنلز میں کوالیفائی کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔
نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے اس موقعے پر کہا کہ ان کی ٹیم انڈیا اور سری لنکا میں ایک ماہ سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد حالات سے مانوس ہو چکی ہے۔
ان کا کہا تھا: ’ہمارے لیے یہ ایک بڑا میچ ہے، باقی تین میچوں کی طرح۔‘
انڈیا اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں شامل ہر ٹیم سپر ایٹ اور ناک آؤٹ مرحلے سے قبل چار گروپ میچ کھیلے گی اور یہ تمام مقابلے سات فروری سے آٹھ مارچ کے درمیان شیڈول ہیں۔
پاکستانی حکومت نے اپنی ٹیم کو 15 فروری کو انڈیا کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کی ہدایت کی ہے، جس کا مقصد بنگلہ دیش سے یکجہتی کا اظہار ہے، جسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹورنامنٹ سے باہر کر کے اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔