چینی خلابازوں کے ساتھ تربیت کے لیے دو پاکستانی منتخب: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ امیدوار چینی خلائی مرکز میں چھ ماہ کی اعلیٰ درجے کی تربیت حاصل کریں گے، جس کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں چینی خلائی سٹیشن جانے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

 چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو سے لی گئی اس تصویر میں چینی خلا باز جھائی ژی گانگ کو 7 نومبر 2021 کو زمین کے گرد مدار میں موجود چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے (بشکریہ سی سی ٹی وی / اے ایف پی)

پاکستانی فوج نے ہفتے کو بتایا ہے کہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چینی خلابازوں کے ساتھ تربیت حاصل کرنے کے لیے دو پاکستانی خلابازوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں ابتدائی سکریننگ کے عمل کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جنہوں نے چین کے خلائی مرکز میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیار کے مطابق کیے گئے جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی معائنوں میں حصہ لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق: ’شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چین کے خلائی مرکز میں چھ ماہ کی اعلیٰ درجے کی خلا بازی کی تربیت حاصل کریں گے۔ تربیت کی تکمیل کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں چینی خلائی سٹیشن پر خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔‘

چین کی انسانی خلائی ایجنسی نے 30 اکتوبر 2025 کو اعلان کیا تھا کہ دو پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو مختصر مدت کے مشن پر چین کے خلائی سٹیشن بھیجا جائے گا۔

یہ تعاون فروری 2025 میں طے پانے والے دو طرفہ ’خلا باز تعاون معاہدے‘ کی بنیاد پر قائم ہے، جس پر وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں دستخط کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے کے وقت اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی چین کے خلائی سٹیشن پروگرام میں شمولیت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے اور یہ باہمی سائنسی تعاون اور پرامن خلائی تحقیق کے وسیع تر وژن میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان اور چین کے مابین دیگر شعبوں میں روابط کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تعاون بڑھا ہے اور حالیہ عرصے میں پاکستان کے کئی سیٹلائٹس چین کی مختلف لانچنگ سائٹس سے خلا میں روانہ کیے گئے ہیں۔

چینی خلائی سٹیشن کا نام ’تیانگ گونگ‘ ہے، جس کے معنی ’آسمانی محل‘ کے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق: ’یہ تاریخی اقدام عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی مضبوط حمایت کا بھی عکاس ہے، جس نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان