کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع شری رتنیشور مہادیو مندر میں جمعے کی شب ہندو برادری نے نوراتری کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
نوراتری ہندو مذہب کا ایک اہم تہوار ہے، جس میں ماتا درگا کی نو مختلف اوتار کی پوجا کی جاتی ہے۔ اس دوران عقیدت مند ورت (روزہ) رکھتے اور خصوصی پوجا پاٹ کرتے ہیں جبکہ بعض مقامات پر روایتی گربا اور ڈانڈیا رقص بھی تہوار کی تقریبات کا حصہ ہوتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نوراتری میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے کراچی آنے والے مکھی جگدیش کمار نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ نوراتری سال میں دو مرتبہ منائی جاتی ہے اور ہندو مذہب میں اسے خاص اہمیت حاصل ہے۔
ان کے مطابق مذہبی روایات میں ماتا درگا کا ظہور مہیشاسر اور دیگر شیاطین کے خاتمے کے لیے ہوا تھا۔ اس موقعے پر مختلف دیوتاؤں کی طاقتیں یکجا ہوئیں اور مہاکالی، مہالکشمی اور مہا سرسوتی کی شکلیں سامنے آئیں، جنہوں نے بدی کی قوتوں کا خاتمہ کیا۔
مکھی جگدیش کمار نے مزید بتایا: ’نوراتری کے دوران نو دن اور نو راتوں تک پوجا پاٹھ اور مذہبی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔ عقیدت مند اس دوران ورت یا اپواس رکھتے ہیں۔ آٹھویں دن اشٹمی اور نویں دن خصوصی پوجا کی جاتی ہے، جبکہ دسویں دن وجے دشمی یا دسہرے کے ساتھ مذہبی تقریبات اختتام پذیر ہوتی ہیں۔‘
تہوار میں شریک کرن سنیل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ نوراتری کے موقعے پر عقیدت مند مندر آتے ہیں، ماتا کے حضور پرساد چڑھاتے، پوجا پاٹ کرتے اور بھنڈاروں کا اہتمام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’اس تہوار کے دوران لوگ عقیدت کے ساتھ عبادت کرتے ہیں اور سب کی خوش حالی کے لیے دعائیں مانگتے ہیں۔‘
نوراتری کے دوران مذہبی عبادات کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں۔ مختلف مقامات پر گربا اور ڈانڈیا رقص کے ذریعے لوگ تہوار کی خوشیاں مناتے ہیں جبکہ دسویں دن وجے دشمی یا دسہرہ منایا جاتا ہے، جسے نیکی کی بدی پر فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔