پنجاب حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نظام میں شفافیت، درستگی اور نتائج کی تیاری کا عمل تیز کرنے کے لیے ڈیجیٹل آن سکرین مارکنگ کا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بھی مدد لی جائے گی۔
یہ نظام پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز میں متعارف کروایا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں انٹرمیڈیٹ کے سیکنڈ سالانہ امتحانات کے تین مضامین کے پرچوں کی جانچ اس نئے نظام کے تحت کی جائے گی۔
ڈیجیٹل مارکنگ کا نظام کیسے کام کرے گا؟
تعلیمی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے چیئرمین ڈاکٹر بدرالاسلام نے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات نئے نظام کے تحت منعقد کیے جائیں گے، جس سے امتحانی پرچوں کی جانچ میں یکسانیت اور شفافیت آئے گی۔
ان کے مطابق طلبہ کی رول نمبر سلپس اور امتحانی پرچوں پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جس کا ریکارڈ بورڈ کے ڈیٹا سینٹر میں محفوظ کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے امتحانی عملہ موبائل فون کی مدد سے امیدوار کی شناخت اور اس کے امتحانی ریکارڈ کی تصدیق کر سکے گا۔
ڈاکٹر بدرالاسلام نے بتایا کہ امتحانی مراکز سے جوابی کاپیاں بورڈ پہنچنے کے بعد انہیں سکین کرکے ڈیٹا سینٹر میں محفوظ کیا جائے گا۔ بعد ازاں ایک مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے ممتحن کو کمپیوٹر سکرین پر طلبہ کے حل شدہ پرچے دکھائے جائیں گے، جہاں وہ جوابات کا جائزہ لے کر متعلقہ نمبرز سافٹ ویئر میں درج کریں گے۔
ان کے بقول، اس پورے عمل کے دوران مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بھی جوابات کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد ممتحن کی جانب سے دیے گئے نمبروں اور اے آئی کے تجزیے کا موازنہ کیا جائے گا، جبکہ نمبروں کا مجموعہ خودکار نظام کے تحت تیار ہوتا رہے گا۔ اس طرح پرچوں کی جانچ کے ساتھ ہی نتائج کی تیاری کا عمل بھی مکمل کیا جا سکے گا۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ کے مطابق ابتدائی طور پر یہ نظام پنجاب میں جاری انٹرمیڈیٹ کے سیکنڈ سالانہ امتحانات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ آئندہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بھی اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، ریاضی اور کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف مضامین میں اس نظام کے استعمال کو وسعت دی جائے گی۔ تاہم طلبہ حسبِ سابق امتحانی پرچے کاغذ پر ہی حل کریں گے۔ تبدیلی صرف یہ ہوگی کہ ان کی جوابی کاپیاں سکین ہونے کے بعد کمپیوٹر اسکرین پر چیک کی جائیں گی۔
نئے نظام کی آزمائش
ڈیجیٹل آن اسکرین مارکنگ اور کیو آر کوڈ کے ذریعے طلبہ کے ریکارڈ کی تصدیق کے نظام کو مختلف امتحانی مراکز میں آزمایا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی موجودگی میں محکمہ تعلیم کے حکام نے مختلف مراکز میں نئے نظام کا جائزہ لیا۔ اس دوران امتحانی کاپیوں پر موجود کیو آر کوڈ سکین کرکے طلبہ کے ریکارڈ اور شناخت کی تصدیق بھی کی گئی۔
محکمہ تعلیم کی انتظامیہ کے مطابق آزمائشی مرحلے کے نتائج سو فیصد مثبت رہے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے نظام سے امتحانات میں نقل، بوٹی مافیا اور جعلی طریقوں کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کے امکانات کی روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ صرف اپنی محنت سے پرچے حل کرنے والے طلبہ کی کارکردگی کی بنیاد پر نتائج مرتب کیے جا سکیں گے۔
اس نظام کے ذریعے امتحانی ریکارڈ کو ڈیجیٹل طور پر محفوظ رکھنے اور ضرورت پڑنے پر اس تک آسان رسائی بھی ممکن ہوگی۔
ڈیجیٹل مارکنگ کے فوائد اور ممکنہ چیلنجز
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل دور میں امتحانی پرچوں کی آن سکرین مارکنگ ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے جانچ کے عمل میں یکسانیت، شفافیت اور رفتار بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم اس نظام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ اسے ہیکنگ، سائبر حملوں اور ڈیٹا چوری جیسے ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا جائے۔
اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کی جانب سے جوابات کی جانچ میں ممکنہ غلطیوں کی نشاندہی، انسانی ممتحن کی نگرانی اور نمبروں کے تعین کے واضح اصول بھی اس نظام کی شفافیت اور قابلِ اعتماد ہونے کے لیے اہم ہوں گے۔