اسلام آباد میں 16 ارب روپے سے زائد کے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر تنازع کیا؟

سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں سیکٹر ڈی 12 کے قریب بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم اس کے لیے مختص اراضی اور مقامی رہائشیوں کے حقوق سے متعلق تنازع سامنے آنے کے بعد معاملہ عدالت پہنچ گیا۔

سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں سیکٹر ڈی 12 کے قریب بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے (مہوش قماس خان/انڈپینڈنٹ اردو)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ارب روپے سے زائد لاگت کے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبے کو قانونی چیلنج کا سامنا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکٹر ڈی 12 اور شاہ اللہ دتہ کے اطراف میں واقع تقریباً 800 کنال اراضی سے متعلق معاملے پر 14 دسمبر تک حکمِ امتناع جاری کر دیا ہے، جس کے بعد اس منصوبے پر پیش رفت عدالتی کارروائی سے مشروط ہو گئی ہے۔

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں سیکٹر ڈی 12 کے قریب بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم منصوبے کے لیے مختص اراضی اور وہاں آباد مقامی رہائشیوں کے حقوق سے متعلق تنازع سامنے آنے کے بعد معاملہ عدالت پہنچ گیا۔

متاثرہ فریقین کا مؤقف ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے علاقے کے رہائشیوں کو نوٹسز جاری کیے گئے، جن میں انہیں غیر قانونی طور پر اراضی پر قابض قرار دیتے ہوئے جگہ خالی کرنے سے متعلق کارروائی کی گئی۔ اس اقدام کے خلاف متاثرہ افراد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں سے انہیں 14 دسمبر تک حکمِ امتناع ملا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سی ڈی اے کے منصوبے کے مطابق اسلام آباد میں تعمیر ہونے والا یہ کرکٹ سٹیڈیم دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی طرز پر بنایا جائے گا، جس میں تقریباً 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اس طرح یہ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سٹیڈیم مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں سیکٹر ڈی 12 کے قریب زون تھری میں تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت سٹیڈیم کا تین منزلہ (Three-tier) ڈھانچہ، جدید لائٹنگ، گراؤنڈ، پچز اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ابتدائی طور پر منصوبے کی لاگت 11 ارب 90 کروڑ روپے لگائی گئی تھی، تاہم سی ڈی اے نے نومبر 2026 میں اس کا نظرثانی شدہ پی سی ون 16 ارب 70 کروڑ روپے تک پہنچا دیا ہے۔ اس میں سٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے، فنشنگ، بجلی، لائٹنگ، ایئر کنڈیشننگ اور دیگر سہولیات کے اخراجات شامل ہیں۔

سی ڈی اے کے ترجمان شاہد کیانی کے مطابق منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کو سی ڈی اے ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جانا تھا۔

کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ایک بڑے سپورٹس کمپلیکس یا اولمپک ولیج کا حصہ ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 175 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس میں کرکٹ سٹیڈیم کے علاوہ فٹ بال گراؤنڈ، ہاکی سٹیڈیم اور دیگر کھیلوں کی سہولیات بھی شامل ہیں۔

اس منصوبے کے حوالے سے پہلے بھی ماحولیاتی تحفظ اور زمین کے استعمال سے متعلق سوالات اٹھائے جا چکے ہیں۔

جنوری 2026 میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے سی ڈی اے سے سٹیڈیم کے مقام اور نقشے کی تفصیلات طلب کی تھیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا منصوبے کی جگہ میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک یا اس کے محفوظ بفر زون سے متصل علاقے تو شامل نہیں۔ تاہم سی ڈی اے حکام کا مؤقف رہا ہے کہ مجوزہ سٹیڈیم، نیشنل پارک کی حدود سے باہر زون تھری میں واقع ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں وہاں قابلِ اجازت ہیں۔ 

اس منصوبے کے ساتھ ایک اہم سوال ڈی 12 اور شاہ اللہ دتہ کے اطراف میں آباد مقامی آبادی اور زمین کے حقوق کا بھی ہے۔ مقامی رہائشیوں کو جاری کیے گئے نوٹسز اور ان کے خلاف مبینہ غیر قانونی قبضے سے متعلق کارروائی نے اس منصوبے کو ایک نئے تنازع سے دوچار کر دیا ہے۔متاثرہ فریقین کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد 14 دسمبر تک حکمِ امتناع ملنے سے منصوبے کے لیے مختص اراضی کا معاملہ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

اس سے قبل بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سٹیڈیم اور مجوزہ سپورٹس ولیج کی تعمیر کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی تھی، جس میں درخواست گزاروں نے زمین کی الاٹمنٹ، ماحولیاتی تحفظ، جنگلی حیات اور گرین ایریاز سے متعلق اعتراضات اٹھائے تھے۔

اکتوبر 2026 میں عدالت نے وفاقی حکومت، سی ڈی اے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا تھا۔ 

یوں اسلام آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بنایا جانے والا منصوبہ اب نہ صرف تعمیراتی اور مالیاتی بلکہ زمین کے حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

آئندہ عدالتی سماعتوں میں یہ واضح ہونا باقی ہے کہ منصوبے کی تعمیر اور مقامی آبادی کے زمین سے متعلق تحفظات کے درمیان قانونی طور پر کس طرح توازن قائم کیا جاتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ