سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جمعرات کو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مسلح افواج نے بتایا کہ انہوں نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون مار گرائے ہیں۔
حالیہ دنوں میں حوثیوں نے سعودی عرب بھر میں اہم تنصیبات اور ریاض کے وسط میں واقع بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، جن کے خلاف سعودی فوجی اتحاد کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک صحافی اور مقامی رہائشیوں کے مطابق ریاض میں آدھی رات کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس سے قبل حکام نے ’فضائی حملے کے خطرے‘ سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا، جسے کچھ ہی دیر بعد واپس لے لیا گیا۔
ریاض کے شمالی اور مشرقی علاقوں کے رہائشیوں نے دھماکے کی آواز سننے کی تصدیق کی۔ ایک رہائشی نے بتایا کہ ان کے گھر کی کھڑکیاں ’شدید جھٹکوں سے لرز اٹھیں۔‘
سعودی افواج نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے، جبکہ ملک کے مغربی حصے میں ایک کروز میزائل اور جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ مار گرائے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حوثیوں نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی بندرگاہوں جدہ اور جازان کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملے ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے زیرِ کنٹرول یمن کی ایک بندرگاہ پر سعودی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
حوثیوں نے اس سے ایک روز قبل سعودی دارالحکومت پر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی، جن میں ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ کی بلند ترین عمارت کو نشانہ بنایا گیا اور 11 افراد زخمی ہوئے۔
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب کے مختلف اہداف پر متعدد حملے کیے ہیں، جن میں فنانشل ڈسٹرکٹ، ایئرپورٹس، آئل تنصیبات اور فوجی مقامات شامل ہیں۔
جواباً سعودی اتحاد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر حملے کر رہا ہے۔ یمن میں جولائی میں خانہ جنگی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے حکومت حوثیوں کے خلاف علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے لڑ رہی ہے۔
بندرگاہ پر حملے
سعودی اتحاد نے بدھ کو ایکس پر لکھا تھا: ’ہم نے حدیدہ بندرگاہ میں آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘ اس سے قبل اتحاد نے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ بھی دی تھی۔
حدیدہ حوثیوں کے کنٹرول میں ہے اور یہ ان کے زیرِ قبضہ یمنی علاقوں میں سامان کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔
حوثیوں کے زیرِ انتظام میڈیا ادارے المسیرہ نے بدھ کی صبح تصدیق کی کہ حدیدہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ادارے نے اسی روز بعد میں مزید حملوں کی بھی اطلاع دی، تاہم ان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔
المسیرہ نے مزید بتایا کہ سعودی افواج نے علاقے کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کی صبح دھمکی دی تھی کہ اگر سعودی اتحاد نے حدیدہ پر حملے کیے تو اس کے جواب میں سعودی عرب کی بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
علامتی اہمیت کا حامل ہدف
یمن میں زمینی محاذ پر حوثی سرکاری افواج کے خلاف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں سرکاری فوج کو پیچھے ہٹنا پڑ رہا ہے۔ حوثی جنوبی یمن میں حکومت کے مرکزی گڑھ عدن سے صرف 60 کلومیٹر (37 میل) کے فاصلے پر موجود ہیں۔
یمنی فوج کے ایک ترجمان نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ وہ ممکنہ حملے کے پیش نظر عدن کے دفاع کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
حوثیوں نے بدھ کو ایک روز قبل سعودی دارالحکومت کی بلند ترین عمارت پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مملکت کے تیل سے مالا مال مشرقی علاقے میں واقع راس تنورہ آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ریاض پر حملے کے حوالے سے حوثی ترجمان سریع نے کہا کہ یہ کارروائی تین مراحل میں کی گئی اور میزائلوں نے اپنے اہداف کو ’درست طریقے سے‘ نشانہ بنایا۔
دارالحکومت پر حملے میں سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ (پی آئی ایف) کے زیرِ استعمال عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ عمارت گذشتہ جمعرات کو بھی حملے کا نشانہ بنی تھی اور موسم گرما میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک نشانہ بننے والی کئی اہم عمارتوں میں سے ایک ہے۔
پی آئی ایف کی عمارت کو نشانہ بنانے کی علامتی اہمیت بھی ہے، کیونکہ یہی فنڈ سعودی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر متنوع بنانے کی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ اور حوثیوں کے حملوں کے باعث اس منصوبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
قطر اور پاکستان، جو ایران اور امریکہ کے درمیان وسیع تر علاقائی جنگ ختم کروانے کی کوششوں میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں نے اس عمارت پر حملے کی ’سخت‘ الفاظ میں مذمت کی ہے۔