یوکرین نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لیبیا کے ساحل کے قریب دو روسی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک جدید جنگی جہاز ڈوب گیا۔
یہ حملے روس کی یوکرین پر یلغار کے نتیجے میں جنگ کے دیگر علاقوں تک پھیلنے کی تازہ ترین مثال ہیں۔
اتوار کو لیبیا کی بندرگاہ بن غازی کے قریب ہونے والے یہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے جب یوکرین نے روسی حملوں کے جواب میں محاذ جنگ سے دور روسی اہداف پر اپنے ڈرون حملوں میں تیزی کر دی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
منقسم لیبیا کے مشرقی حصے کے حکام نے بتایا کہ اتوار کو بن غازی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ایک روسی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق یہ جہاز ایندھن اور دیگر ضروری سامان لینے کے لیے مختصر قیام کے بعد روس واپس جا رہا تھا اور امکان ہے کہ اسے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات میں ایک بحری اڈے پر گولہ بارود کے گودام میں آگ لگنے کی بھی خبر سامنے آئی تھی۔
چند گھنٹوں بعد حکام نے بتایا کہ بن غازی کے ساحل کے قریب ایک دوسرے تجارتی جہاز کو بھی دھماکہ خیز مواد سے لیس سمندری ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دوسرا جہاز مالٹا کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔
لیبیا کی مشرقی انتظامیہ نے روس کے ساتھ مل کر مشترکہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
طرابلس میں قائم اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حریف حکومت نے اپنے بیان میں اس خطرے پر تشویش کا اظہار کیا کہ شہری بندرگاہوں اور تنصیبات کو بیرونی تنازعات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
ستمبر میں لیبیا نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی اس رپورٹ کی تردید کی تھی کہ اس نے یوکرین کو ملک کے شمال مغرب میں ایک فوجی اڈہ استعمال کرنے کی اجازت دی ہے، جہاں سے بحیرہ روم میں روس کے نام نہاد شیڈو فلیٹ کے جہازوں پر ڈرون حملے کیے جا سکتے تھے۔
یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے پیر کو کہا کہ لیبیا کے ساحل کے قریب روسی جہازوں پر حملے یوکرین نے کیے۔ انہوں نے ان حملوں کو روسی جنگ کے جواب میں یوکرین کا ایک مثالی آپریشن قرار دیا۔
زیلنسکی نے ایکس پر بتایا کہ یوکرین نے روسی جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے تیار کردہ سات بحری ڈرون استعمال کیے۔
انہوں نے کہا ’روسی کارویٹ مرکری ڈوب گیا ہے۔ یہ روس کے جدید ترین جہازوں میں سے ایک تھا، جسے مکمل جنگ کے دوران 2023 میں بحری بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔‘
یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو کے مطابق یہ جنگی جہاز باقاعدگی سے روسی بحری قافلوں کی حفاظت کرتا تھا اور روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کا حصہ تھا۔
ایس بی یو نے مزید کہا کہ جہاز پر موجود کے اے 27 (Ka-27) کثیر المقاصد ہیلی کاپٹر بھی ڈوب گیا۔
زیلنسکی نے دوسرے جہاز کی شناخت خشک مال بردار بحری جہاز ایم وی انگارا (MV ANGARA) کے نام سے کی، جسے ان کے بقول روس ہتھیاروں کی ترسیل کے لیے استعمال کرتا تھا۔
انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں مبینہ طور پر حملوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں، تاہم اے ایف پی آزادانہ طور پر اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکا۔
روس نے ان حملوں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (UNSMIL) نے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مشن نے ایکس پر لکھا ’لیبیا بیرونی تنازعات کا میدان جنگ بننے کا متحمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اسے ایسا بننا چاہیے۔‘
یوکرین اپنی فوجی صنعت میں ہونے والی پیش رفت، بالخصوص ڈرون ٹیکنالوجی، کو اپنی اہم کامیابی قرار دیتا ہے۔
روس کے ساڑھے چار سال سے زائد عرصہ قبل مکمل حملے کے بعد یوکرین نے اس ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر ترقی دی ہے۔
یوکرین نے جنگ کے دوران اپنے تیار کردہ ڈرونز کی افادیت کو بارہا اجاگر کیا ہے۔ ان میں بحری ڈرونز بھی شامل ہیں، جنہیں بحیرہ اسود میں روسی بحری جہازوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
2024 میں یوکرین کے جنرل سٹاف نے اعلان کیا تھا کہ اس نے کریمیا کے ساحل کے قریب بحری ڈرونز کے ذریعے روسی لینڈنگ شپ سیزر کونیکوف (Caesar Kunikov) کو تباہ کر دیا ہے۔
روس نے 2014 میں یوکرین کے جزیرہ نما کریمیا کا الحاق کیا تھا۔
یوکرین نے روس کے نام نہاد شیڈو فلیٹ کو بھی نشانہ بنانے کے دعوے کیے ہیں۔ یہ وہ بحری جہاز ہیں جن کے ذریعے مبینہ طور پر پابندیوں سے بچتے ہوئے روسی تیل کی ترسیل کی جاتی ہے۔ ان میں گذشتہ دسمبر بحیرہ روم میں کیے گئے حملے بھی شامل ہیں۔
مارچ میں لیبیا کے ساحل کے قریب روسی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے جانے والا ایک جہاز حملے کے بعد ڈوب گیا تھا، جس کا الزام روسی صدر پوتن نے یوکرین پر عائد کیا تھا۔