پاکستانی پنک سالٹ ’بڑے امریکی سٹورز پر بھی دستیاب‘

ایکسپورٹرز کے مطابق پاکستان اس وقت 70 سے 80 ممالک کو پنک سالٹ برآمد کر رہا ہے، جن میں سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک بھی شامل ہیں۔

پاکستان کا ہمالیائی پنک سالٹ سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک کی منڈیوں تک پہنچ رہا ہے، تاہم برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ان منڈیوں میں پاکستانی نمک کی برآمدات بڑھانے کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 23 سے 26 نومبر تک منعقد ہونے والی فوڈ اے جی پاکستان 2026 میں پاکستانی پنک سالٹ کو مختلف مصنوعات اور پیکنگ کی صورت میں بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کیا گیا۔

نمائش کے دوران سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے خریداروں نے پاکستانی برآمد کنندگان سے کاروباری ملاقاتیں بھی کیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

پنک ہمالین سالٹ برآمد کرنے والی ایک کمپنی کے نمائندے شیخ عظیم کے مطابق پاکستان اس وقت 70 سے 80 ممالک کو پنک سالٹ برآمد کر رہا ہے، جن میں سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک بھی شامل ہیں۔

شیخ عظیم نے کہا ’ہم خلیجی ممالک کو بھی پنک سالٹ برآمد کر رہے ہیں۔ پاکستان کی بہت سی کمپنیاں سعودی عرب کی مارکیٹ کو مصنوعات فراہم کر رہی ہیں، تاہم وہاں بھی برآمدات بڑھانے کی بہت گنجائش موجود ہے۔‘

ان کے بقول پاکستان میں پنک سالٹ کے بڑے ذخائر موجود ہیں لیکن ملک ابھی اس شعبے میں اپنی مکمل برآمدی صلاحیت استعمال نہیں کر رہا۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں پاکستان سے خام پنک سالٹ ہمسایہ ممالک کو فراہم کیا جاتا تھا، جہاں اس کی پروسیسنگ، پیکنگ اور برانڈنگ کے بعد اسے عالمی منڈیوں میں فروخت کیا جاتا تھا۔

تاہم گذشتہ چند برسوں میں پاکستانی کمپنیوں نے اپنی پروسیسنگ اور برانڈنگ پر توجہ بڑھائی ہے، جس کے نتیجے میں یہ نمک اب مختلف پیکنگ میں بین الاقوامی سپر سٹورز تک پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے امریکہ کی مثال دیتے ہوئے بتایا پاکستانی پنک سالٹ وال مارٹ اور کوسٹکو جیسی بڑے سٹور چینز پر بھی دستیاب ہے۔

پاکستان میں سعودی عرب کے ساتھ 76 لاکھ ڈالر کے معاہدے

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) یا ٹڈاپ کی 26 نومبر کو جاری کردہ اختتامی پریس ریلیز کے مطابق فوڈ اے جی پاکستان 2026 میں 80 ممالک سے 900 سے زائد بین الاقوامی خریداروں اور 400 پاکستانی برآمد کنندگان نے شرکت کی۔

نمائش کے دوران پاکستانی برآمد کنندگان اور بین الاقوامی خریداروں کے درمیان مجموعی طور پر 100 مفاہمتی یادداشتوں، برآمدی معاہدوں اور تجارتی معاہدوں پر دستخط ہوئے، جن کی مالیت تقریباً 167.82 ملین ڈالر بتائی گئی۔

ٹڈاپ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ 7.6 ملین ڈالر کے کاروباری معاہدے ہوئے جبکہ بحرین کے ساتھ 43 ہزار ڈالر کے معاہدے طے پائے۔

چین، برطانیہ اور سعودی عرب ان ممالک میں شامل تھے جن کے خریداروں نے پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ اہم کاروباری معاہدے کیے۔

نمائش کے دوران ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹیو اور سیکریٹری نے یورپی یونین، چین، ملائیشیا، سعودی عرب اور کینیا کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ٹڈاپ کی پریس ریلیز میں سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے 7.6 ملین ڈالر اور بحرین کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو صرف پنک سالٹ کی تجارت سے منسوب نہیں کیا گیا بلکہ ان میں مختلف زرعی اور غذائی مصنوعات کے مجموعی کاروباری معاہدے شامل ہیں۔

ٹڈاپ کے مطابق نمائش کے دوران پاکستانی برآمد کنندگان اور غیر ملکی خریداروں کے درمیان 5,800 سے زائد کاروباری ملاقاتیں ہوئیں جبکہ نمائش کنندگان نے تقریباً 900 ملین ڈالر کے متوقع کاروبار کی اطلاع دی۔

پنک سالٹ کی عالمی برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن پر حکومتی اقدامات

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی قومی اسمبلی میں وزارت تجارت کی جانب سے جمع کروائے گئے تحریری جواب کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران پنک راک سالٹ کی برآمدات 124,185 ٹن رہیں، جن کی مالیت 34.29 ملین ڈالر تھی۔

دستاویز کے مطابق 2025-26 میں برآمدی مقدار بڑھ کر 130,616 ٹن ہوگئی، تاہم اس کی مالیت کم ہو کر 32.16 ملین ڈالر رہی۔

اسی دستاویز کے مطابق پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدی مالیت مالی سال 2024-25 میں 1.13 ملین ڈالر تھی، جو مالی سال 2025-26 میں بڑھ کر 3.4 ملین ڈالر ہوگئی۔

وزارت تجارت کے مطابق کھیوڑہ پنک راک سالٹ کو پاکستان میں جغرافیائی شناخت کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے جبکہ اس کے 17 مجاز صارفین بھی رجسٹر کیے گئے ہیں۔

حکومت کے مطابق ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ذریعے ہمالیائی پنک سالٹ کو عالمی منڈیوں میں متعارف کروانے اور اس کی تشہیر کے لیے مختلف بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کی جا رہی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات، برانڈنگ اور پاکستانی شناخت کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت