آصف غفور کی جگہ بابر افتخار نئے ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات

میجر جنرل بابر افتخار اس سے قبل آرمر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 1 کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

میجر جنرل آصف غفور کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کیا گیا ہے۔ (تصویر: فائل فوٹو)

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کے عہدے  پر میجر جنرل آصف غفور کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار کو تعینات کردیا گیا۔

میجر جنرل بابر افتخار اس سے قبل آرمر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 1 کے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

سبکدوش ہونے والے میجر جنرل آصف غفور نے 1988 میں پاکستان فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہیں 15 دسمبر 2016 کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ وہ اب اوکاڑہ میں پاکستان فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’الحمداللہ، ان سب کا شکریہ جن سے اس مدت کے دوان میں جڑا رہا۔ تمام میڈیا کا خصوصی شکریہ۔ پاکستانیوں کی محبت اور ان کی حمایت کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا۔ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے لیے نیک نمنائیں۔‘

گذشتہ ایک دہائی میں آئی ایس پی آر نے اپنی پوزیشن کو خاصا مستحکم کیا ہے۔ خصوصاً میجر جنرل آصف غفور بحیثیت ترجمان فوج اکثروبیشتر خبروں کی زینت رہے۔ وہ وزیراعظم کے ساتھ متعدد ملاقاتوں میں بھی نظر آئے۔ اس کے علاوہ ہر پریس کانفرنس میں وہ ملک کو درپیش ’ففتھ جنریشن وار‘ اور میڈیا کا ذکر کرتے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب میڈیا ذرائع کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت ملکی سلامتی کے حوالے سے معاملات زیرِ غور آئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے میجر جنرل آصف غفور کے تبادلے اور میجر جنرل بابر افتخار کو ترجمان پاکستان فوج تعینات کرنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان