ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ’ثنا میر کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا‘

آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں آل راؤنڈر ثنا میر کو شامل نہیں کیا گیا۔

بسمہ معروف کہتی ہیں کہ وہ سکواڈ میں ثنا میر کی شمولیت کی خواہش مند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی (تصویر: بسمہ معروف ٹوئٹر)

آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں آل راؤنڈر ثنا میر کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

سکواڈ  کا انتخاب انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 21 فروری سے آٹھ مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف منتخب کردہ سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ایونٹ کے لیے جن کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ان کی اوسط عمر 24.8 ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

15 رکنی سکواڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز کھیلے گی۔

اس حوالے سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ طویل مشاورت کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے ہیں۔

بسمہ معروف نے کہا کہ ثنا میر کو میگا ایونٹ کے لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ وہ سکواڈ میں ثنا میر کی شمولیت کی خواہش مند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان کے درمیان طویل مشاورت ہوئی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثنا میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمرجنگ کرکٹر میں سے کسی ایک کو چننا تھا اور وہ اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ ثنا میر کی عدم موجودگی کے باوجود قومی خواتین سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شاندار انداز میں پاکستان کی خدمت کرنے والی ثنا میر ملک میں موجود کئی خواتین کرکٹرز کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

عروج ممتاز نے کہا کہ قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے مگر بدقسمتی سے ثنا میر کی حالیہ کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، لہذا سلیکشن کمیٹی کے نزدیک یہ ایونٹ نئی خواتین کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ کی دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور تین مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

سکواڈ:

بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ