پی ایس ایل فائیو: آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ آج جاری ہوگا

پی سی بی کے مطابق ’تیار ہیں‘ کی موسیقی اور دھن سننے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جو منفرد انداز میں پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد کا جشن مناتی ہے۔

اس ترانے میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکارعارف لوہار، آواز بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ آج بیک وقت ملک بھر کے صف اول کے ٹیلی ویژن نیوز چینلز پر رات 9 بجے کے نیوز بلیٹن سے قبل جاری کیا جائے گا۔

آفیشل ترانہ پی ایس ایل کے یوٹیوب چینل پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران بھی سٹیڈیم میں یہ آفیشل ترانہ بجایا جاتا رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک بیان کے مطابق ’تیار ہیں‘ کی موسیقی اور دھن سننے والے کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جو منفرد انداز میں ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد کا جشن مناتی ہیں۔

آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی پی ایس ایل کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جس کے تحت آفیشل ہیش ٹیگ #HBLPSLV اور #TayyarHain ہیں۔

’تیار ہیں‘ کی ویڈیو ملک بھر میں ایونٹ کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کی خوشی اور جوش و جذبے کی عکاسی کرے گی۔

اس ترانے میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکارعارف لوہار، آواز بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے، جس کی موسیقی ذوالفقار جبار خان (ذلفی) اور کمال خان (لال کبوتر) نے ترتیب دی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’تیار ہیں‘ کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ سٹارز بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔

معروف راک گلوکار علی عظمت کا کہنا ہے کہ وہ باصلاحیت فنکاروں کے ہمراہ اس آفیشل ترانے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور پی ایس ایل فائیو کے دوران ملک میں موجود مختلف شعبہ ہائے زندگی سے  تعلق رکھنے والے  تمام افراد کو شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیمز میں جھومتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

فوک گلوکار عارف لوہار نے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کا حصہ بننے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادگار لمحات انہیں زندگی بھر مسرور رکھیں گے۔

’آواز‘ بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ اور اس کی ویڈیو حقیقی معنوں میں پوری قوم کو یکجا کرکے بھرپور جوش و خروش کا احساس دلاتی ہے۔

پاپ گلوکار عاصم اظہر نے کہا کہ وہ بھی ہر پاکستانی کی طرح کرکٹ کے ایک مداح ہیں اور پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کی گلوکاری کو اپنے لیے ایک یادگار تجربہ سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب موسیقار ذوالفقار جبار خان نے کہا کہ یہ ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کے ملک میں انعقاد کی تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود کرکٹ کے مداح ہیں اور وہ لیگ کے پاکستان میں انعقاد پر بہت پرجوش ہیں اور آج وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ’تیار ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ