ایک شادی جس نے پاکستانیوں کو کرونا بھلا دیا

احد رضا میر اور سجل علی نکاح کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور مداح خوشی سے پھولے نہیں سمارہے۔

احد رضا میر اور سجل علی اپنے نکاح کے موقع پر (تصویر: ٹوئٹر)

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے چرچے ہیں۔ اگرچہ پاکستانی بھی کچھ کچھ اس کی لپیٹ میں ہیں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سجل علی اور احد رضا میر کی شادی نے کرونا کا غم کچھ دیر کو بھلا دیا ہے۔

اس بات کا ثبوت ٹوئٹر ٹرینڈ ہے، جہاں احد رضا میر اور سجل علی کی شادی کی تصاویر کے ساتھ ساتھ اس نئے نویلے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کے پیغام نظر آرہے ہیں۔

ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ کی آن سکرین ہٹ جوڑی اب نکاح کے بندھن میں بندھنے کے بعد حقیقی جوڑی میں بدل گئی ہے اور مداح خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔

ٹوئٹر پر #SaHadkiShaadi ٹاپ ٹرینڈ ہے اور جسے دیکھو اس نئے جوڑے کو دیکھ کر بس آہیں بھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

شادی کی تصاویر تو بلاشبہ نہایت خوبصورت ہیں، لیکن جس طرح ہر پاکستانی شادی میں کوئی نہ کوئی الٹا کام ہو ہی جاتا ہے، ایسا ہی کچھ اس شادی میں ہوا، جب نکاح کے وقت نکاح خواں نے احد رضا میر کا نام ’احمد رضا میر‘ کہہ کر پکارا۔ اس موقع پر دلہا کے تاثرات دیکھنے والے تھے۔

لوگوں نے بھی اس موقع کو خوب انجوائے کیا۔ کرن نامی ایک صارف نے لکھا: ’سجل اب پوری زندگی احد کو احمد کہہ کر تنگ کریں گی، جب بھی ان کی لڑائی ہوگی تو وہ کہیں گی کاش احمد رضا میر سے ہی ہوجاتا نکاح۔‘

ایک صارف نے لکھا: ’لگتا ہے مولوی صاحب کو بھی نہیں لگ رہا تھا کہ یہ اصل میں ہو رہا ہے۔‘

جہاں بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں اس شادی سے کچھ لوگوں کے دل بھی ٹوٹے، جس کا اظہار کچھ یوں کیا گیا۔

نکاح سے قبل احد اور سجل کی مایوں کی تصاویر بھی خوب وائرل ہوئیں، جہاں ایک مقام پر سجل اپنی والدہ کو یاد کرکے روتی ہوئی نظر آئیں۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل