پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی ری فنڈ کا آغاز پیر سے

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 2020 ایک کامیاب ایونٹ رہا، جہاں مجموعی طور پر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے سٹیڈیم کا رخ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے دس میچوں کے ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلےگئے یا پھر کرونا (کورونا) وائرس کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔

دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا۔ پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا، جس میں کووڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے پانچ گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کے ٹکٹس ری فنڈ کیے جائیں گے۔

ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا، جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، دو ایلیمنٹر اور فائنل میچ کے ٹکٹس ری فنڈ کیے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ چھ ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کے ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی کا واحد موقع ہے۔

ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔

ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی بھی شامل ہیں۔

صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدے گئے اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانے ہوں گے۔

اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے پر ماسک پہننا اور سماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کے ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی کا یہ عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ کووڈ 19 کے سبب ہم ہر ممکنہ صورت حال کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین سے حکومتی ہدایات برائے کووڈ 19 پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

شعیب نوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ایک کامیاب ایونٹ رہا، جہاں مجموعی طور پر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے سٹیڈیم کا رخ کیا۔

پراجیکٹ ایگزیکٹو پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقایا میچز کو2020 میں ہی ری شیڈول کر لیا جائے گا۔

ان میچوں کو ری شیڈول کرنے سے متعلق تمام تفصیلات اپنے مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ