جب سہواگ نے بیٹنگ کےساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کو گانے سنائے

بنگلور میں پاکستان کے خلاف ایک میچ کے دوران یاسر حمید نے بیٹنگ کرنے والے سہواگ سے گانے سنانے کی فرمائش کر ڈالی تھی۔

سہواگ نے بھارت کے لیے 251 ون ڈے میچز میں 35 کی اوسط سے آٹھ ہزار 273 رنز بنائے ہیں (اے ایف پی)

وریندر سہواگ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا لیکن ہم میں سے اکثر ان کی گلوکاری کے فن کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سہواگ نے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی جارحانہ بلے بازی سے مخالف ٹیم کے بولرز کے چھکے چھوٹ جاتے تھے لیکن ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کئی سالوں بعد اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیٹنگ کے دوران گانے بھی گاتے تھے۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک بز‘ کو دیے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران ایک مداح نے سہواگ سے پوچھا کہ کیا وہ کسی دوسرے کھلاڑی کے بارے میں جانتے ہیں جو ان کی طرح بیٹنگ کرتے وقت گانا گاتا ہو؟ اس پر سابق بھارتی سٹار نے کرس گیل کا نام لیا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ گیل انگریزی جبکہ وہ خود ہندی گانے گاتے تھے۔

پروگرام کے میزبان ارجن پنڈت نے سہواگ سے پوچھا کہ بیٹنگ کرتے وقت ان کا پسندیدہ گانا کون سا تھا؟ تو انہوں نے جواب دیا: ’میں بیٹنگ کرتے وقت بہت سے گانے گاتا تھا، لیکن میرا پسندیدہ گانا ’چلا جاتا ہوں کسی کے دل میں ڈھرکتے دل کے ترانے لیے‘ تھا کیوں کہ میں اسے کسی بھی موڈ میں گا سکتا تھا اور اس گانے سے ہمیشہ میرا موڈ اچھا ہو جاتا تھا۔‘

’کبھی رنز بناتے ہوئے میں بالی وڈ کے گانے گاتا تھا جیسے’چٹیاں کلائیاں‘ لیکن جب میں رنز نہیں بنا پا رہا ہوتا تھا تب میں ’بھگوان کے بھجن‘ بھی گا لیتا تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد ارجن نے سہواگ سے پوچھا کیا مخالف ٹیم کے کسی کھلاڑی نے کبھی انہیں بیٹنگ کے دوران گانے گاتے ہوئے سنا؟ تو انہوں نے بنگلور میں پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ایک واقعہ سنایا جب پاکستان کے بیٹسمین یاسر حمید ان سے اس بارے میں پوچھنے آئے تھے۔

’جب میں کھیلتا تھا تو کسی کو یہ معلوم نہیں تھا کہ میں کھیلتے ہوئے گانے گاتا ہوں، لیکن ایک بار بھارت پاکستان سیریز کے دوران جب میں 150 رنز کے قریب بیٹنگ کر رہا تھا تو یاسر حمید نے مجھ سے پوچھا، ویرو بھائی آپ بیٹنگ کرتے وقت بھی گاتے ہیں؟ تو میں نے انہیں بتایا کہ ہاں میں ایسا ہی کرتا ہوں لہٰذا پاکستانی کھلاڑی نے مجھ سے درخواست کی کہ میں کشور کمار کا کوئی گانا سناؤں، تو میں نے اپنی بلے بازی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کرکٹرز کا اپنے گانوں کے ذریعے بھی دل بہلایا۔‘

سہواگ نے بھارت کے لیے 104 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 49.3 کی اوسط سے آٹھ ہزار 586 رنز جبکہ 251 ون ڈے میچز میں 35 کی اوسط سے آٹھ ہزار 273 رنز بنائے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ