نیدر لینڈ میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ

مقامی میڈیا کے مطابق عمارت میں 20 گولیوں کے سوراخ تھے اور کھڑکیوں میں کچھ سوراخوں کی تصاویر بھی میڈیا پر دکھائی گئیں۔

(عمارت پر گولیوں کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔ اے ایف پی)

نیدرلینڈ کے شہر ہیگ میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے تاہم اس واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق عمارت میں 20 گولیوں کے سوراخ تھے اور کھڑکیوں میں کچھ سوراخوں کی تصاویر بھی میڈیا پر دکھائی گئیں۔ چلائی جانے والی گولیوں کی ٹھیک تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوع کو سیل کردیا گیا ہے اور فرانزک ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جیسے ہی یہ ’بزدلانہ‘ حملہ کیا گیا سعودی سفارت خانے کے سکیورٹی اہلکاران نے اس کی اطلاع نیدرلینڈ کی سکیورٹی سروسز کو کر دی، بعد ازاں سفارت خانے کی عمارت کو حفاظتی عملے کی جانب سے چاروں طرف سے گھیر لیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واقعے میں سعودی سفارت خانے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا نیز سعودی حکومت نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔

نیدرلینڈز کی پولیس کے مطابق صبح چھ بجے انہیں اطلاع ملی کہ ہیگ میں ایک عمارت پر گولی چلی ہے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔

سعودی حکومت نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ بدھ کے روز سعودی شہر جدہ میں فرانسیسی اور دیگر سفارت کاروں کے زیرِ اہتمام پہلی جنگ عظیم کی یاد میں ہونے والے بم دھماکے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ