خواتین کے بارے میں بیان: ہردک اور راہل پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد

انڈین کرکٹ ٹیم کے  آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور بلے باز کے ایل راہل کو ایک ٹی وی شو میں خواتین کے بارے میں نازیبا بیان دینے پر بورڈ کی جانب سے 20، 20 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔

تصویر: اے ایف پی

انڈین کرکٹ ٹیم کے  آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور بلے باز کے ایل راہل کو ایک ٹی وی شو میں خواتین کے بارے میں نازیبا بیان دینے پر بورڈ کی جانب سے 20، 20 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔

 بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) کے تحقیقاتی یونٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو جرمانے کی رقم ایک ماہ کے اندر ادا کرنا ہوگی اور یہ رقم عطیہ کی جائے گی۔

ان دونوں کرکٹرز کو اپنے بیان پر ناشائستہ فعل اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سوشل میڈیا پر کے ایل راہل اور ہردک پانڈیا کے بیان کو جنسی، نسلی اور خواتین کے خلاف نفرت انگیز قرار دے کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد  بھارتی کرکٹ انتظامیہ نے دونوں کھلاڑیوں کو دورہ آسٹریلیا سے واپس بلوا لیا تھا۔

بعد میں دونوں کرکٹرز پر پانچ، پانچ ایک روزہ میچوں کی پابندی لگا دی گئی تھی جو بعد میں ختم کر دی گئی اور دونوں ہی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے بھارتی 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین کرکٹ چلانے والے منتظمین کی کمیٹی نے سپریم کورٹ سے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا کہنا تھا۔

بی سی سی آئی کے محتسب جسٹس ڈی کے جین کا کہنا ہے کہ انھوں نے تمام پہلوں کا جائزہ لیا ہے اور پابندی کی وجہ سے دونوں کھلاڑی پانچ، پانچ ایک روزہ میچ نہیں کھیل سکے تھے جس کی وجہ سے انھیں 30، 30 لاکھ کی آمدن کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ڈی کے جین نے کہا کہ دونوں کھلاڑی اپنے بیان پر کسی قسم کی صفائی دیے بغیر معافی مانگ چکے ہیں اور انڈین کرکٹ بورڈ سے کہا گیا ہے کہ اگر دونوں کھلاڑی چار ہفتوں کے اندر اندر 20، 20 لاکھ بھارتی روپے کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہے تو یہ رقم ان کی میچ فیس سے کاٹ لی جائے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل