پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے بدھ کو کہا ہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر آج پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔
پاکستنا فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار جان سے گئے اور کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا تاہم بیان میں مرنے والے کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
بیان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری قائم کر دیا گیا ہے، جو حادثے کی اصل تکنیکی وجوہات کا تعین کرے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید کہا گیا کہ چیف آف آرمی سٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور پاکستان فوج کے تمام افسران و جوانوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد نے بھی انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے کیونکہ وہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر جا رہے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر نے حادثے میں اہلکاروں کی اموات پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے پر تعزیتی بیان جاری کیے ہیں جب کہ سینیٹ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جان سے جانے والوں کے لیے دعا کی گئی۔