نیشنل ٹرائینگولر ویمنز ٹی 20: چیلنجرز، ڈائنامائٹس فائنل میں مدمقابل

اس سے قبل منیبہ علی کی قیادت میں پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم رامین شمیم کی ٹیم ڈائنامائٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے چکی ہے۔

(تصویر: پی سی بی)

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کل (بروز منگل) پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیمیں نیشل ٹرائینگولر ٹی ٹوئنٹی ویمنز کرکٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ فائنل جیتنے والی ٹیم دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہو گی۔

اس سے قبل منیبہ علی کی قیادت میں پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم رامین شمیم کی ٹیم ڈائنامائٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے چکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان متوقع مقابلہ پی سی بی کے آفیشل یو ٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کی کپتان ٹرافی پر نظر جمائے ہوئے جیت کے لیے پر امید ہیں۔

پی سی بی چیلنجرز کی کپتان منیبہ علی کہتی ہیں: ’ہم پورے اعتماد کےساتھ فائنل کھیلیں گے اور فائنل میچ جیت کر ٹرافی کو اپنے نام کریں گے۔ ہماری ٹیم مشترکہ کوشش اور مقابلے کے لیے بھرپور تیار ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے اختتام پر ٹرافی ہمارے ہاتھوں میں ہوگی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بھرپور مقابلے کی کرکٹ کھیلی ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ خود کو اس پوزیشن پر سیٹ کریں، جہاں پر جیت ہی ہمارا مقدر بنے۔ جیسے ہم نے پہلے میچ کھیلے ہیں، اسی طرح فائنل بھی بغیر دباؤ کے کھلیں گے۔

دوسری جانب پی سی بی ڈائنامائٹس کی کپتان رامین شمیم کا کہنا تھا کہ وہ یقیناً گیم میں واپس آئیں گے۔ ’ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اس دن بدقسمتی سے ہماری بیٹنگ لائن بڑا سکور نہیں کر سکی تھی۔ ہماری ٹیم میں بھر پور صلاحیت ہے اور فائنل میں ہم اپنی صلاحیت کو ثابت بھی کریں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر یہ شاندار ٹورنامنٹ رہا ہے۔ ہماری کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، خاص طور پر ہماری وکٹ کیپر نے وکٹوں کے پیچھے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

رامین شمیم کا کہنا تھا کہ فائنل کھیل سے بھرپور ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بہترین ہیں مگرہم فائنل کی دوڑ میں صرف جیت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ٹورنامنٹ میں کوالٹی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے جہاں تینوں ٹیموں نے تن من سے ایک دوسرے کا مقابلہ کیا ہے۔

پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ وہ اپنے گروپ میچز جیتنے میں ناکام رہی ہے لیکن پھر بھی ان کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں جویریہ خان کو سب سے زیارہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے اب تک تین میچز میں 67 کی اوسط سے 134 رنز سکور کیے ہیں۔ حفضہ امجد نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز کی دوڑ میں جویریہ خان کے علاوہ پی سی بی ڈائنامائٹس کی ناہیدہ خان اور عائشہ ظفر کی جوڑی بھی شامل ہے۔ ناہیدہ نے 57.50 کی اوسط سے 115 رنز بنائے ہیں اورعائشہ ظفر نے36.67 کی اوسط سے 110 رنز بنا رکھے ہیں۔

بولنگ میں حفضہ خان کے علاوہ صبا نذیر (پی سی بی چیلنجرز)، فاطمہ ثنا (پی سی بی چیلنجرز)، کائنات امتیاز(پی سی بی ڈائنامائٹس)، نشرہ سندھو( پی سی بی ڈائنامائٹس) اور انعم امین (پی سی بی بلاسٹرز) تین تین وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔

ٹورنامنٹ کی رنر اپ ٹیم پانچ لاکھ روپے کی حقدار ہو گی اور پلیئر آف دی چیمپیئن شپ کو 50 ہزار روپے ملیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ