’لاپتہ‘: مقبولیت کی وجہ بہترین اداکاری

یہ ڈراما اپنی پہلی قسط سے تنازع کا شکار ہوا، اور آگے چل کر ایسے کئی مناظر آئے تو دیکھنے والوں کے لیے یادگار تھے، ان میں سے کچھ تو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئے۔

عائزہ خان نے اس ڈرامے میں اداکاری کے نرالے رنگ دکھائے (ہم ٹی وی)

پاکستانی ڈراما سیریل ’لاپتہ‘ کا یکلخت اختتام اس لحاظ سے حیرت انگیز ضرور ہے کہ دیگر پاکستانی ڈراموں کی نسبت یہ طوالت کا شکار نہیں ہوا۔

لاپتہ کی کہانی چند ابتدائی قسطوں کے بعد کچھ جمود کا شکار ضرور ہوئی تھی، مگر اچھی بلکہ بہترین اداکاری کی وجہ سے اس ڈرامے کی مقبولیت میں کمی نہیں ہوئی۔

یہ ڈراما اپنی پہلی قسط سے تنازع کا شکار ہوا، اور آگے چل کر ایسے کئی مناظر آئے تو دیکھنے والوں کے لیے یادگار تھے، ان میں سے کچھ تو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئے۔

ڈرامے کی پہلی قسط کے ایک منظر میں گیتی (عائزہ خان) ایک دکان سے خریداری کرنے کے بعد، دکاندار کو دھمکاتی ہے کہ اگر اس نے پیسے مانگے تو وہ اس پر خود کو ہراساں کرنے کا الزام لگا کر اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گی۔

اس منظر پر انسانی اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد نے شدید اعتراضات کیے، تاہم ہم ٹی وی کی انتظامیہ نے اس منظر سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔

اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں عائزہ خان، سارہ خان، علی رحمان، اور گوہر رشید شامل تھے۔ سارہ خان اور عائزہ خان پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہو رہی تھیں، جس کی وجہ سے یہ نشر ہونے سے پہلے ہی مقبولیت حاصل کر چکا تھا۔

اگر اداکاری کی بات کریں، تو عائزہ خان نے اس میں اپنی اداکاری کے نرالے رنگ دکھائے۔ اگرچہ وہ اس سے پہلے بھی متعدد ڈراموں میں منفی کردار ادا کرچکی ہیں لیکن اس مرتبہ تو انہوں نے دیکھنے والوں کو ششدر ہی کر دیا۔ انہوں نے گیتی کے کردار میں ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہوئے کئی  پاکستانی اور بالی وڈ فلمی ستاروں کی نقل اتاری جن میں میڈم نور جہاں سے لے کر مادھوری ڈکشٹ، ایشوریہ رائے اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عائزہ خان کے کردار گیتی کا وہ منظر بھی بہت مشہور ہوا جس میں وہ ایک مارننگ شو میں اداکارہ علیزے شاہ کے انٹرویو کی نقالی کر رہی ہیں جو علیزے شاہ نے فلم ’سپر سٹار‘ کے پریمیئر پر  یوٹیوب چینل ’دھنک‘ کو دیا تھا۔

دوسری جانب ہمیشہ کی طرح سارہ خان اس ڈرامے میں بھی بہت پیاری لگیں۔ فلک کا کردار ایک سیدھی سادھی لڑکی کا تھا جو صرف اپنی تعلیم پر توجہ دیتی ہے اور بیڈمنٹن کھیلنے کی شوقین ہے جس میں وہ ملکی سطح پر سونے کا تمغہ حاصل کر چکی ہے۔ سارہ خان کو ان مناظر میں اداکاری کرنے کا زیادہ موقع ملا جن میں فلک شادی کے بعد دوسرے شہر آ جاتی ہے اور ایک نفسیاتی مریض کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔

علی رحمان نے اپنے کردار کے مطابق مناسب کام کیا اور جیل کا قیدی نظر آنے لے لیے داڑھی بھی رکھی۔ گوہر رشید کسی بھی کردار میں ہوں اپنی بھرپور اداکاری سے اسے مخصوص بنا دیتے ہیں۔

’لاپتہ‘ کی کہانی کچھ یوں تھی کہ شمس (علی رحمان) اپنی چچا زاد فلک (سارہ خان) سے شادی کرنا چاہتا ہے اور اسی لیے جلد سے جلد دولت کمانے کی خواہش میں جوا کھیلتا ہے مگر پکڑا جاتا ہے، پھر اسے دو سال کی قید ہوجاتی ہے، لیکن اس دوران اس کے گھر والوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کہاں غائب ہوگیا ہے کیا پتہ اب لوٹے گا یا نہیں۔

درایں اثنا فلک کی شادی اس کے باس دانیال (گوہر رشید) سے ہو جاتی ہے، جو ایک شکی مزاج شخص ہے، اور اس کی یہ عادت اب ذہنی مرض کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ فلک کو شادی کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ دانیال اپنی پہلی بیوی کو قتل کیا تھا اور اب وہ اسے بھی قتل کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر فلک اپنا دفاع کرتی ہے جس سے وہ زخمی ہو جاتا ہے۔ فلک وہاں سے فرار ہو جاتی ہے اور دانیال ان زخموں کی وجہ سے مر جاتا ہے۔

ادھر دو سال بعد جب شمس جیل سے واپس آتا ہے تو فلک کی شادی کا سن کر اس کا دل ٹوٹ جاتا ہے اور اس صورت حال کا فائدہ اس کی پھوپھی زاد گیتی (عائزہ خان) اٹھانے کی کوشش کرتی ہے جو اسے بچپن ہی سے پسند کرتی ہے۔

گیتی فطرتاً ایک شوخ اور چنچل مگر موقع پرست لڑکی ہے جس کا مشغلہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز ڈالنا اور واحد خواہش کسی پیار کرنے والے لڑکے سے شادی کرنا ہے۔ 

کہانی میں چونکا دینے والا موڑ تب آتا ہے جب عین شمس اور گیتی کی مہندی کی تقریب کے دوران پولیس فلک کو دانیال کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیتی ہے۔ بہرحال یہ شادی ٹل جاتی ہے اور شمس فلک کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے عدالت کے چکروں میں پھنس جاتا ہے اور بالآخر فلک باعزت بری ہو جاتی ہے۔

’مومنہ درید پروڈکشن‘ کی جانب سے بنائے جانے والے اس ڈرامے کے ہدایت کار خضر ادریس ہیں۔ خضر ایک سینماٹوگرافر ہیں اور ’لاپتہ‘ بطور ہدایت کار ان کی پہلی ڈراما سیریل ہے جس کی کہانی بھی انہوں خود تحریر کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی