پاکستان کے مقبول چائلڈ سٹار احمد شاہ کا بھائی عمر شاہ چل بسا

عمر کو پیر کو رات گئے الٹیاں ہوئیں جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے اور سوشل میڈیا پر ’پیچھے دیکھو، پیچھے‘ کے ڈائیلاگ سے مشہور ہونے والے بچے احمد شاہ کا چھوٹا بھائی عمر شاہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب انتقال کر گیا۔

عمر نے اپنے بھائی احمد شاہ اور گلگت بلتستان کے کم عمر یوٹیوبر محمد شیراز کے ساتھ اے آر وائی نیوز کے رمضان ٹرانسمیشن پروگراموں میں شرکت کی تھی۔

اس سے قبل احمد کی ڈھائی سالہ بہن عائشہ 2023 میں بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق احمد کا ایک اور چھوٹا بھائی بھی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے عرفان مغل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عمر کے خاندان کا بنیادی تعلق جنوبی وزیرستان کے برکی قبیلے سے ہے، تاہم وہ طویل عرصے سے ڈی آئی خان میں آباد ہیں۔

ان کے مطابق احمد اور دیگر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی ان کے ماموں دانیال شاہ کرتے ہیں۔

دانیال نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’رات وہ خوشی خوشی سویا تھا لیکن اچانک طبیعت خراب ہو گئی۔

’ڈھائی بجے کے قریب اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر آدھے گھنٹے میں وہ انتقال کر گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہمارے اوپر قیامت ٹوٹ پڑی، وہ صرف ہمارا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا پیارا بچہ تھا۔

’میری درخواست ہے کہ اس کے والدین کے لیے دعا کریں کہ وہ یہ صدمہ برداشت کر سکیں۔‘

عرفان کے مطابق عمر کو رات گئے الٹیاں ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد اسے ڈیرہ اسماعیل خان کے مفتی محمود میموریل ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسا۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر خان نے بتایا کہ عمر کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔

عمر کے انتقال پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’شان رمضان‘ کے میزبان وسیم بادامی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مسودہ ناصرہ نامی صارف نے لکھا ’ننھا سٹار عمر شاہ، جو اپنی معصوم مسکراہٹ اور حرکتوں سے ہر دل میں جگہ بنا چکے تھے، آج سب کو روتا چھوڑ گئے۔ نہ جانے کس کی نظر لگ گئی کہ یہ چمکتا ہوا ستارہ ہم سے جدا ہو گیا۔‘

نازیہ خان نامی صارف نے لکھا ’دل دہلا دینے والی خبر ہے۔ کم عمری کے باوجود انہوں نے اپنی معصومانہ مسکراہٹ سے بے شمار مداح بنائے۔‘

ایکس پر فاطمہ حسین نے لکھا ’شان رمضان اور ہم سب کی جان اب ہمارے درمیان نہیں رہی۔ میں رونے پر قابو نہیں رکھ سکتی۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی