نور مقدم قتل کیس: سی سی ٹی وی ویڈیوز منظر عام پر آ گئیں

ان ویڈیو کلپس میں نور مقدم کو مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے گھر میں داخل ہوتے اور پھر جان بچانے کے لیے مکان کی پہلی منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

22 ستمبر، 2021 کی اس تصویر میں انسانی حقوق کے رضاکار اسلام آباد میں نور مقدم کے پلے کارڈز اٹھائے احتجاج کر رہے ہیں (اے ایف پی)

سابق سفارت کار شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کے قتل سے پہلے بننے والی سی سی ٹی وی ویڈیو کی کچھ کلپس ہفتے کی رات منظر عام پر آ گئیں۔

ایک ویڈیو کلپ میں نور مقدم کو کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے گھر میں داخل ہوتے جبکہ دوسری ویڈیو کلپ میں انہیں جان بچانے کے لیے مکان کی پہلی منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس مقدمے میں استغاثہ نے سی سی ٹی وی ویڈیوز شہادت کے طور پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عطا ربانی کی عدالت میں دو روز قبل پیش کی تھیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق سیشن عدالت نے ویڈیوز کی کاپی ملزمان کے وکلا کو فراہم کرنے کی اجازت دی تھی۔

تاہم مدعی شوکت مقدم کے وکیل بیرسٹر شاہ خاور نے عدالت میں درخواست کی تھی کہ مذکورہ ویڈیو میں بعض سنسنی خیز مناظر ہیں، جنھیں منظر عام پر نہیں آنا چاہیے۔

یاد رہے کہ نور مقدم کورواں سال 20 جولائی کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون فور کے ایک گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔

موقعے سے گرفتار ہونے والے گھر کے مالک ظاہر جعفر قتل کے اس مقدمے میں مرکزی ملزم ہیں۔

استغاثہ کی طرف سے پیش کی گئی ویڈیو ان سی سی ٹی وی کیمروں کی ہے جو ظاہر جعفر کے گھر کے مرکزی گیٹ کے قریب، کار پورچ اور لان میں لگے ہوئے ہیں۔

منظر عام پر آنے والی ویڈیو کلپس 18 اور 19 جولائی کی ہیں، جن میں مقتولہ نور مقدم کے علاوہ ظاہر جعفر اور ان کے ملازمین کو دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کے 18 جولائی کی رات بننے والے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 10 بج کر 19 منٹ پر نور مقدم ظاہر جعفر کے گھر میں داخل ہوتی ہیں۔

اسی طرح 19 جولائی کی صبح دو بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم کو سامان کے ہمراہ گھر کے مرکزی گیٹ سے باہر جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی روز دن کے دو بج کر 41 منٹ پر نور مقدم ننگے پاؤں گھر سے باہر بھاگتے ہوئے نظر آتی ہیں لیکن مرکزی گیٹ پر کھڑا چوکیدار انہیں گھر سے باہر جانے سے روکتا ہے۔  

ویڈیو کے دوسرے حصوں میں نور مقدم ظاہر جعفر کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ فوٹیج کے کئی حصوں میں ایک کالے رنگ کا کتا بھی نظر آ رہا ہے۔

19 جولائی کی دوپہر دو بجے دونوں کو گاڑی میں باہر جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ 2:51 پر دونوں اسی سامان کے ساتھ گھر میں واپس داخل ہوتے ہیں۔  

نور مقدم کے قتل کی رات یعنی 20 جولائی کو شام 7:11 پر نور مقدم کو کھڑکی سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، گھر کی پچھلی طرف ظاہر جعفر بھی چھلانگ لگاتے ہیں جبکہ گھر کا ایک ملازم نور مقدم کو باہر جانے سے روکتا ہے۔

ویڈیو کے اسی حصے میں ظاہر جعفر نور مقدم کو گھسیٹے ہوئے گھر کے اندر لے جاتا ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان