’یہ بندوق کی نشست کیا ہوتا ہے؟‘

عمران خان نے گذشتہ روز سابق صدر آصف زرداری سے کہا تھا کہ ’آپ میری بندوق کی نشست پر ہیں،‘ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چل نکلا۔

وزیراعظم عمران  خان نو مارچ 2022 کو  کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے (فوٹو:  وزیراعظم ہاؤس آفیشل فیس بک پیج)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں جوش خطابت میں بندوق کی ’نشست‘ کا لفظ استعمال کیے جانے کے بعد سے اس حوالے سے بحث مباحثے جاری ہیں کہ آخر بندوق کی ’نشست‘ ہوتی کیا ہے؟

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں تقریر کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ بڑی دیر سے میری بندوق کی نشست پر آئے ہوئے ہیں۔‘

سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی اردو پر تنقید پر جوابی وار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’یہ بندوق کی نشست کیا ہوتا ہے؟‘

شازیہ مری نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں کہا: ’بندوق کی نوک تو ہم نے سنا ہے، یہ بندوق کی نشست کیا ہوتا ہے؟‘

اس پر پروگرام کے میزبان حامد میر نے بھی شازیہ مری کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ ’کہیں وہ بندوق کی نالی کی بات تو نہیں کر رہے تھے؟‘

اس پر پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے وضاحت کی کہ نشست وہ ہوتی ہے ’جس سے نشانہ باندھتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جہاں تک اصل لفظ کی بات ہے تو یہ نشست نہیں بلکہ ’شست‘ ہے۔ یہ فارسی کا لفظ ہے، جس میں ش پر زَبر ہے اور اس کا مطلب تیر اندازوں کے انگوٹھے پر چڑھائے جانے والا چمڑے کا خول ہے۔

بعد میں یہی لفظ بندوق کی نال پر لگی لوہے کی چھوٹی سی کیل کے لیے استعمال ہونے لگا، جسے دیکھ کر نشانہ لگایا جاتا ہے۔ انگریزی میں اسے sight کہا جاتا ہے۔

دوسری طرف نشست ایک الگ لفظ ہے، جس کا شست سے کوئی تعلق نہیں۔ نشست کے کئی مطلب ہیں۔ یہ بیٹھنے کی جگہ یعنی seat کو بھی کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کے اکٹھا ہونے یا مجلس کو بھی نشست کہا جاتا ہے، مثال کے طور پر ’آج شام شعر و شاعری کی نشست منعقد ہو گی۔‘

اس کے علاوہ بیٹھنے کے طور طریقے کو بھی نشست کہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی ’بندوق کی نشست‘ کے نام سے ایک ٹرینڈ موجود ہے، جس میں دلچسپ میمز شیئر کی جا رہی ہیں۔

 

 

کئی لوگوں نے عمران خان کی تلفظ کی غلطیوں والی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر دی ہیں۔ 


بعض لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان کی اردو اتنی اچھی کیسے ہو گئی کہ انہیں یہ مخصوص لفظ معلوم ہے۔ دراصل عمران خان شکار کے شوقین رہے ہیں اور مرغابیوں اور دوسرے پرندوں کا شکار کرتے رہے ہیں۔ ان کی بندوقوں اور پستولوں کے ساتھ کئی تصویریں بھی موجود ہیں، چنانچہ ان کا بندوق کی شست سے واقف ہونا حیرت کی بات نہیں، البتہ کل بہادر آباد میں ہونے والی نشست میں شست کو نشست سے بدل گئے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ