بیرونی سازش: تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ

پاکستان کی وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے بیرون ملک سازش کا کہہ کر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں اس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے (تصویر: مریم اورنگزیب/ فیس بک)

پاکستان کی وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے بیرون ملک سازش کا کہہ کر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں اس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’بیرون ملک سازش دراصل فرح بچاؤ مہم ہے۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیرون ملک سازش کا کہہ کر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں اس پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انکوائری کمیشن غیرجانبدار ہو گا اور منصفانہ طریقے سے اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ ’بیرون ملک سازش کا اصل کردار عمران خان ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیشن آزادانہ ہوگا اور تمام انکوائری پاکستان کے عوام کے سامنے کی جائے گی۔‘

’حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک انکوائری کمیشن بنایا جائے جو غیرجانبدار ہوگا، جو منصفانہ اور آزادانہ طریقے سے اس سازش کی تحقیقات کرے جو عمران خان صاحب کر رہے ہیں۔‘

اسلام آباد میں جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے جہاں انکوائری کمیشن بنانے کے حکومتی فیصلے سے صحافیوں کو آگاہ کیا وہیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس انکوائری کمیشن کے ٹی او آر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رکھے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں عوام کو یہ بھی بتانا چاہتی ہوں کہ کمیشن کا ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا اور انکوائری رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔‘

تاہم مریم اورنگزیب نے یہ واضح کیا کہ اس انکوائری کمیشن کی سربراہی کس سطح کے شخص کو سونپی جائے گی لیکن ان کا یہ ضرور کہنا تھا کہ بیرونی سازش کا الزام لگانے والوں کے خلاف ’سچ‘ ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے ’بیرون ملک سازش‘ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان تحریک انصاف ایسے کمیشن کو تسلیم کرے گی جو آزاد عدلیہ تحت بنے گا۔‘

اس سے قبل گذشتہ دنوں عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل اے آر وائی پر انٹرویو میں کہا تھا کہ ’پاکستان کے خلاف ایک بہت بڑی سازش ہوئی ہے جس کی تحقیقات کے لیے آزاد کریڈیبل کمیشن بننا چاہیے۔‘

اس حوالے سے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں ان کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیے۔‘

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایک کاغذ دکھایا تھا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی حکومت کو گرانے کی بیرون ملک سازش کی گئی ہے جس کا ثبوت یہ خط ہے۔‘

اس کے بعد سے عمران خان متعدد بار اس خط کا حوالہ دے چکے ہیں جبکہ اسی مبینہ خط پر نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے دو مرتبہ اجلاس بھی ہو چکے ہیں جس میں اسے ’مداخلت‘ قرار دیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست