پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکہ اور ایران کے درمیان جمعے سے اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکرات کے پیش نظر نو اپریل کا لیاقت باغ کا احتجاجی جلسہ ملتوی کردیا ہے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ کی جانب سے انڈپینڈنٹ اردو کو بھیجے گئے بیان میں کہا گیا کہ جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ پارٹی کے آج ہونے والے پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کے سینئر رہنما شریک تھے۔
اس سے پہلے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے میڈیا سیل سے جلسے کا باقاعدہ پلان جاری کیا گیا تھا، جس میں جلسے کے لیے کل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں روانگی طے تھی۔
جنوبی اضلاع کے کارکنان کو پشاور جبکہ ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنان کو سوات ایکسپریس وے میں جمع ہونے کا بتایا گیا تھا، تاہم اب جلسے کو ملتوی کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور خصوصاً خطے میں ہونے والی حالیہ اہم تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس سے پہلے اسلام آباد میں بدھ کو قومی اسمبلی میں حزب اختلاف اور حکومتی جماعتوں کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل وفاقی قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو اسلام آباد میں شروع ہونے والے بین الاقوامی اہمیت کی اس سرگرمی کے موقعے پر حزب اختلاف کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیان کے مطابق، ’پولیٹیکل کمیٹی نے امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر غور کیا اور اس سنگ میل کا خیر مقدم کیا۔ تحریک انصاف اس اہم کامیابی کے حصول میں تمام فریقین کی کوششوں کو سراہتی ہے۔‘
اسی بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مشرقِ وسطیٰ میں محض عارضی تعطل نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کی خواہاں ہے۔
‘پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ اجلاس عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اس اہم بین الاقوامی تناظر، علاقائی صورتحال اور پورے خطے کو جنگ کے اثرات سے بچانے کی سفارتی کوششوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، بیان کے مطابق پولیٹیکل کمیٹی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کیا جائے، جس کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اس جلسے کا اعلان گذشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی کی جانب سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔