پاکستانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بدھ کو انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا اجلاس 27 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس کمیٹی کے تحت تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور افواج کی اعلیٰ قیادت اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ایس پی ڈی سی پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان قائم اعلیٰ سطح سیاسی و دفاعی رابطے کا فورم ہے، جو تینوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے سٹریٹیجک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
یہ اجلاس پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔ یہ معاہدہ رواں برس اگست میں طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دوسرے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
حکومتی عہدیدار کے مطابق 27 نومبر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد کے نجی ہوٹل سرینا میں ہوگا اور اس سے قبل 26 نومبر کو تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوگا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حکومتی عہدیدار کے مطابق اس اجلاس کی کوریج کے لیے میڈیا سینٹر میریٹ ہوٹل میں قائم کیا جائے گا اور تینوں ممالک کے حکام کی اسلام آباد آمد آج رات سے شروع ہو جائے گی۔
سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے تحت تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی قیادت علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور مشترکہ دفاعی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
اس سے قبل تینوں ممالک کا پہلا اجلاس 31 اگست کو ترکی میں جبکہ دوسرا اجلاس پانچ اکتوبر کو سعودی عرب میں ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے 20 نومبر کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا تھا کہ ’یہ اجلاس معاہدے کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ یہ ابھی ارتقائی مراحل میں ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہو گی۔‘
مجوزہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات بڑھے ہوئے ہیں اور اسلام آباد، ریاض اور انقرہ دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی انتظامات وضع کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔